سندر پچائی گوگل کی تاریخ میں سالانہ 10 کروڑ ڈالر تنخواہ لینے والے پہلے سی ای او بن گئے

ویب ڈیسک  بدھ 30 مارچ 2016
سندر پچائی کو گزشتہ سال حصص کی مد میں 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے۔ فوٹو؛فائل

سندر پچائی کو گزشتہ سال حصص کی مد میں 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے۔ فوٹو؛فائل

کیلیفورنیا: گوگل کے سی ای او سندر پچائی کی سالانہ تنخواہ 6 لاکھ 52 ہزار ڈالر ہے جب کہ اس کے علاوہ ان کی دیگر مراعات ہیں جن کی سالانہ مجموعی رقم 10 ارب روپے بنتی ہے۔

گوگل میں کام کرنے والے سی ای او کے لیے یہ لازمی ہے کہ ہر 2 سال میں ایک دفعہ اسے ریسٹرکٹڈ اسٹاکس میں سے آمدنی فراہم کی جائے تاکہ وہ ادارے کی مزید ترقی اور لمبی پلاننگ کے لیے منصوبہ بندی اور محنت کرے جب کہ اس کے تحت گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو تنخواہ کے علاوہ دیگر مراعات دی جاتی ہیں جن کی رقم سالانہ 10 ارب روپے بنتی ہے۔ گوگل کے سی ای او سندر پچائی کو سال 2015 کے لیے اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی مد میں 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور تنخواہ کی مد میں 6 لاکھ 52 ہزار ڈالر کی رقم ملی اور یہ گوگل کی تاریخ میں کسی ایگزیکٹو کو دی جانے والی سب سے زیادہ تنخواہ بھی ہے۔

واضح رہے کہ گوگل کی ذیلی کمپنی ایلفابیٹ نے اس سال فروری میں اثاثوں کی مد میں ایپل کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ موبائل آلات اور یوٹیوب پر اشتہارات اور مارکیٹنگ کی ضمن میں صرف ایک سال میں اس کا منافع 4.9 ارب ڈالر تک پہنچا جو پہلے 4.7 ارب ڈالر تھا۔ اس کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں گوگل کا حجم 554 ارب ڈالر اور ایپل کی قدر 534 ارب ڈالر رہی جس میں سندر پچائی کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ سندر پچائی کا تعلق بھارتی شہر چنائی سے ہے اور انہوں نے اسٹینفرڈ اور پینسلوانیہ یونیورسٹیوں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔