پنجاب میں جیلوں پردہشت گردوں کے حملے کا خدشہ ، سیکیورٹی سخت

ویب ڈیسک  منگل 26 اپريل 2016
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کی تمام جیلوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں فوٹو: فائل

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کی تمام جیلوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں فوٹو: فائل

 لاہور: حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خدشے سے متعلق خفیہ رپورٹس جاری کیے جانے کے بعد پنجاب بھر میں جیلوں کی سیکیورٹی کو انتہائی سخت کردیا گیا ہے۔

خفیہ اداروں کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹس کے مطابق جنوبی پنجاب سمیت دیگر مقامات میں پاک فوج اور رینجرز کے جاری آپریشن کے بعد دہشت گرد قبائلی علاقوں کا رخ کرنے کی بجائے بھیس بدل کر پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں اور وہ پنجاب کی جیلوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں لہذا صوبائی حکومت اس ضمن میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنائے۔

انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے فراہم کی گئی اطلاعات کی روشنی میں صوبائی محکمہ داخلہ نے صوبے بھر کی تمام جیلوں اور دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ متعلقہ اعلیٰ حکام کو ہدایات کی گئی ہیں کہ بین الصوبائی سرحدوں کو سیل کرکے زمینی او ر فضائی پٹرولنگ بڑھائی جائے، کسی بھی شخص یا گاڑی کو جانچ پڑتال کے بغیر پنجاب میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔

لاہور میں ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدراشرف نے دونوں جیلوں میں سیکیورٹی کے حوالے سے متعلقہ ڈویژنل ایس پی کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ جیلوں کا خود دورہ کریں اور سیکیورٹی کے حوالے سے موثر اقدامات کریں، اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ کوٹ لکھپت اور کیمپ جیل لاہور کے ارد گرد گشت کریں اور مشکوک افراد پر کڑی نگاہ رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔