جرمنی میں پیدل چلتے وقت فون استعمال کرنے والوں کیلیے سڑک پر ٹریفک لائٹس نصب

ویب ڈیسک  جمعرات 28 اپريل 2016
لائٹس لوگوں کو حادثے سے بچانے کیلیے لگائی گئی ہیں جو سڑک پار کرتے وقت گاڑی کے آنے سے آگاہ کریں گی۔

لائٹس لوگوں کو حادثے سے بچانے کیلیے لگائی گئی ہیں جو سڑک پار کرتے وقت گاڑی کے آنے سے آگاہ کریں گی۔

میونخ: موبائل فون کا جنون اتنا بڑھ چکا ہے کہ نوجوان نسل اکثر ڈرائیونگ کےدوران یا پھر پیدل چلتے ہوئے استعمال کرتے ہوئے نظرآتے ہیں اور ان میں سے کچھ لوگ بڑے حادثوں کا شکار بھی ہوجاتے ہیں اسی لیے جرمنی کے ایک شہر میں لوگوں کو ان حادثات سے بچانے کےلیے مصروف ترین ٹرین اسٹیشن کی کراسنگ کے کنارے زمین پر ہی ٹریفک سگنل نصب کردیئے.

جرمنی کے شہر آگسبرگ میں میونسپل کارپوریشن نے مصروف ترین ٹرین اسٹیشن کی کراسنگ کے کناروں پر ٹریفک لائٹس زمین پر ہی لگا دی ہیں تاکہ فون استعمال کرتے کرتے جب لوگ اسے کراس کرنے لگیں تو زمین پر لگا ریڈ سگنل انہیں خبردار کر سکے کہ ٹرین آنے والی ہے وہیں رک جائیں۔ میونسپل کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ اس نئے سسٹم کو مانیٹر کر رہے ہیں اور ان کی نظریں اس کے نتائج پر لگی ہوئیں ہیں۔

جرمن میڈیا کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے یہ فیصلہ ایک لڑکی کے حادثے کے شکار ہونے کے بعد کیا جو فون استعمال کرنے کے دوران حادثے کا شکار ہوکر شدید زخمی ہوگئی تھی۔ اس سسٹم پر 10 ہزار یورو کا خرچہ آیا ہے۔

اوہائیو میں کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ پیدل چلتے ہوئے فون کا استعمال کرنے کے سے حادثوں کا شکار ہونے والوں کی تعداد 2005 کے مقابلے میں 2010 میں دگنی ہوگئی جب کہ 1500 سے زائد افراد ایمرجنسی میں بھی داخل کیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔