ڈائریکٹر اکیڈمی کی رسمی کارروائی پوری کرنے کیلیے درخواستیں طلب

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 28 اپريل 2016
اہم ذمہ داری کیلیے بورڈ کے مدثر نذر سے معاملات تقریباً طے ہو چکے،جلد اعلان متوقع. فوٹو: فائل

اہم ذمہ داری کیلیے بورڈ کے مدثر نذر سے معاملات تقریباً طے ہو چکے،جلد اعلان متوقع. فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی نے رسمی کارروائی پوری کرتے ہوئے ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمی کیلیے درخواستیں طلب کر لیں، اس ذمہ داری کیلیے سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر سے معاملات تقریباً طے ہو چکے ہیں، اعلان جلد ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی عبرتناک شکستوں کے بعد پی سی بی میں بھونچال آ گیا، وسیع پیمانے پر ردوبدل اور تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے، وقار یونس کے مستعفی ہونے پرچند روز قبل ہیڈ کوچ کیلیے اشتہار جاری کیا گیا تھا، اب ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز کے لیے بھی درخواستیں مانگ لی گئیں۔

جنرل منیجر ایچ آراینڈ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے دیے گئے اشتہار میں ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے امیدوار کیلیے گریجویشن اور متعلقہ شعبے میں5 سالہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13مئی رکھی گئی ہے، ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل مقابلوں میں قومی سینئر اور جونیئر ٹیموں کی ناکامیوں کا سبب بورڈ ڈومیسٹک سسٹم میں خرابیوں کو سمجھتا ہے۔

حکام کا خیال ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹراکیڈمی کے عہدے کیلیے قابل امیدوار کو تلاش کر کے نچلی سطح پر کرکٹ میں بہتری لائی جا سکتی ہے، پی سی بی ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا عہدہ سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کو سونپنے کا خواہاں ہے،60 سالہ سابق اوپنر سے پہلے ہی معاملات طے پا چکے ہیں، اس ضمن میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور سابق ٹیسٹ کرکٹر کی دبئی میں ملاقات بھی ہو چکی، جس میں اکیڈمی منصوبوں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، اب رسمی کارروائی پوری کرنے کیلیے اس  پوسٹ کے لیے اشتہار جاری کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔