پاکستان کپ؛ خیبرپختونخوا نے فائنل میں قدم رکھ دیئے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 28 اپريل 2016
احمد شہزاد نے143کی دلکش اننگز کھیلی، فاخر زمان 68 رنز بنانے میں کامیاب، خالط لطیف کے168 رنزرائیگاں۔ فوٹو: پی سی بی

احمد شہزاد نے143کی دلکش اننگز کھیلی، فاخر زمان 68 رنز بنانے میں کامیاب، خالط لطیف کے168 رنزرائیگاں۔ فوٹو: پی سی بی

لاہور: خیبر پختونخوا نے سنسنی خیز مقابلے میں سندھ کو7 رنز سے ہرا کر پاکستان کپ کے فائنل میں قدم رکھ دیئے، آخری اوور میں درکار15 رنز میں سے صرف7 ہی بن سکے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا نے پہلے کھیلتے ہوئے سندھ کی ٹیم کو 320 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ کے پی کے کے اوپنرز نے ٹیم کو 176 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، احمد شہزاد نے 2 چھکوں اور15 چوکوں کی مدد سے143 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، فاخر زمان 68 رنز بنانے میں کامیاب رہے، زوہیب خان 27، بسم اللہ خان 25 جب کہ عادل امین اور فہیم اشرف نے 20،20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پیسر محمد عامر، رومان رئیس اور بلال آصف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

جواب میں سندھ کی ٹیم 312 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی،آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 22 رنز پر3کھلاڑی پویلین کا راستہ دیکھ چکے تھے، دونوں میچز میں سنچریاں بنانے والے خرم منظور اس بارصرف 2رنز تک محدود رہے،سمیع اسلم7 اور صہیب مقصود صرف4 رنز بنا کر چلتے بنے، مشکل وقت میں خالد لطیف نے فواد عالم کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکل حالات سے نکالنے کی پوری کوشش کی، فواد  74 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، خالد لطیف نے 9 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 168 رنز ناٹ آؤٹ بنائے مگر ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے، ضیا الحق  نے 3، سمین گل نے 2 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔