کین ولیمسن نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹ کے کپتان مقرر

ویب ڈیسک  جمعرات 28 اپريل 2016
ولیمسن کے ساتھی اورکرکٹ سےلگاؤ رکھنے والے افراد ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی قدرکرتے ہیں، سی ای او کرکٹ بورڈ. فوٹو:فائل

ولیمسن کے ساتھی اورکرکٹ سےلگاؤ رکھنے والے افراد ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی قدرکرتے ہیں، سی ای او کرکٹ بورڈ. فوٹو:فائل

آکلینڈ: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کین ولیمسن کو ٹیسٹ کرکٹ کا بھی کپتان مقرر کردیا جس کے بعد وہ تینوں فارمیٹ میں کیویز ٹیم کی قیادت کریں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے حکام نے پریس کانفرنس کے دوران کین ولیمسن کو ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان بنانے کا اعلان کیا ہے جو اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز میں قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان برینڈن میکولم کے رواں سال فروری میں ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد کین ولیمسن کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی قیادت سونپی گئی اور اب ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا ذمہ بھی انہیں کو دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ بورڈ کے سی ای او ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ کین ولیمسن نے ٹیم میں رہتے ہوئے اپنی قائدانہ صلاحیتیں دکھائی ہیں جب کہ ان کے ساتھی اور کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والے افراد ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی قدر کرتے ہیں جن کے پاس بہترین کرکٹ دماغ ہے۔  25 سالہ کین ولیمسن نیوزی لینڈ ٹیسٹ ٹیم کے تیسرے کم عمر ترین کپتان ہوں گے جب کہ ان سے قبل اسٹیفن فلیمنگ اور جان پارکر کو کم عمر کپتانی کا اعزاز حاصل ہے۔

نوجوان کین ولیمسن کو کپتانی کی ذمہ داری ملنے کے بعد ان کا پہلا امتحان جولائی اور اگست میں جنوبی افریقا کے خلاف ہوگا۔ ولیمسن نیوزی لینڈ کی جانب سے 48 ٹیسٹ، 93 ایک روزہ اور 35 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کیویز ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔