یونس کی واپسی کیخلاف آخری مزاحمت بھی دم توڑ گئی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 29 اپريل 2016
ٹیم میں شمولیت پرکوچنگ چھوڑنے کی دھمکی دینے والے کبیرخان بیک فٹ پرآگئے فوٹو: پی سی بی

ٹیم میں شمولیت پرکوچنگ چھوڑنے کی دھمکی دینے والے کبیرخان بیک فٹ پرآگئے فوٹو: پی سی بی

 لاہور: یونس خان کی واپسی کیخلاف آخری مزاحمت بھی دم توڑ گئی، سینئر بیٹسمین کی ٹیم میں شمولیت پر کوچنگ چھوڑنے کی دھمکی دینے والے خیبرپختونخوا ٹیم کے کوچ کبیر خان بھی دباؤ پڑتے ہی بیک فٹ پر آگئے۔

تفصیلات کے مطابق یونس خان نے امپائرز کے مبینہ غلط فیصلوں پر برملا احتجاج کرتے ہوئے انھیں ہدف تنقید بناکر جونیئرز کیلیے بُری مثال چھوڑی، میچ ریفری کی جانب سے نوٹس وصول کرنے سے انکار کیا اور جرمانہ کیے جانے پر پاکستان کپ ہی ادھورا چھوڑ کر کراچی رخصت ہوگئے، ٹیم کی قیادت احمد شہزاد کے سپرد ہوئی، اس کے بعد مسلسل 3 دن تک معافی، سزا اور معافی کا ڈرامہ چلتا رہا، بالآخر مزید تنازعات سے بچنے کیلیے انھیں فیصل آباد میں جاری ایونٹ میں شرکت کی اجازت دیدی گئی۔

سینئر بیٹسمین فائنل کیلیے دستیاب ہونگے یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ خیبرپختونخوا ٹیم کے کوچ کبیر خان نے انھیں کھلانے کی صورت میں کوچنگ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ انھوں نے مینجمنٹ کو بتا دیاکہ سینئر بیٹسمین نے ٹیم میٹنگ میں میرے ساتھ بدتمیزی کی، ان کا ساتھی کرکٹرز کے ساتھ رویہ ابھی اچھا نہیں تھا، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹورنامنٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز بھی ان کو دوبارہ کھیلنے کا موقع دینے کی اجازت نہیں دیتیں، اس لیے انکی موجودگی میں کوچنگ ممکن نہیں ہوگی۔

شام کو اس کے برعکس اطلاعات میڈیا میں گردش کرنے لگیں، کبیر خان کی طرف سے وضاحت پیش کی گئی کہ یونس کو ایونٹ میں شرکت سے روکنا ان کی صوابدید نہیں، انھیں اس فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کوچ نے میڈیا کے نمائندوں سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن بعد ازاں حکام کی جانب سے غلطی کا احساس دلائے جانے پر رائے تبدیل کرنے پر مجبور ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔