ایران کے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ

ویب ڈیسک  جمعـء 29 اپريل 2016
68 نشستوں کے لئے اصلاح پسند اور اعتدال پسند جماعتیں آمنے سامنے ہیں۔  فوٹو: اے ایف پی

68 نشستوں کے لئے اصلاح پسند اور اعتدال پسند جماعتیں آمنے سامنے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

تہران: ایران کے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے 21 صوبوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق  ایران کے 21 صوبوں میں پارلیمانی انتخابات کے لئے آج پولنگ ہورہی ہے جس کے لئے اصلاح پسند اور اعتدال پسند جماعتیں آمنے سامنے ہیں جب کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں صدرحسن روحانی کی حمایت یافتہ اصلاح پسند جماعت کو اعتدال پسند جماعت پر معمولی فرق سے سبقت حاصل تھی تاہم 68 نشستوں پر ہونے والے انتخابات ایران کے مستقبل کی پارلیمنٹ کا فیصلہ کریں گے۔

اصلاح پسند جماعت کے سربراہ محمد رضا عارف پرامید ہیں کہ ان کی جماعت دوسرے مرحلے کے انتخاب میں 290 میں سے  مزید 40 نشستیں حاصل کرلے گی جب کہ اصلاح پسند جماعت پہلے مرحلے میں 95 نشتیں حاصل کرسکی تھی اور اسے صدر حسن روحانی کی حمایت بھی حاصل ہے۔

واضح رہے کہ پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے 26 فروری کو انتخابات ہوئے تھے جس میں اصلاح پسند جماعت نے تنہا 95 نشستیں حاصل کیں جب کہ اعتدال پسند جماعت نے آزاد امیدواروں اور اقلیتوں کو ساتھ ملا کر مجموعی طور پر103 نشستیں حاصل کیں اورکوئی جماعت  واضح برتری حاصل نہ کرسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔