صرف ایک منٹ کی بھرپور ورزش بھی صحت کے لیے مفید ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  جمعـء 29 اپريل 2016
ہفتے کے تین دن روز ایک منٹ کی ورزش طویل مشقت کے برابر مفید ہے، ماہرین، فوٹو؛ فائل

ہفتے کے تین دن روز ایک منٹ کی ورزش طویل مشقت کے برابر مفید ہے، ماہرین، فوٹو؛ فائل

اونٹاریو: اگر آپ کے پاس دوڑنے یا ورزش کرنے کے لیے ایک گھنٹہ بھی نہیں تو اس کا ازالہ کرنے کے لیے ایک منٹ تو نکالا ہی جاسکتا ہے کیونکہ جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اگر صرف ایک منٹ تک بھرپور ورزش کرلی جائے تو اس کے مفید اثرات بھی ویسے ہی ہوتے ہیں جس طرح طویل اور باقاعدہ ورزش سے حاصل ہوتے ہیں۔

یونیورسٹی آف اونٹاریو میں واقع مک ماسٹر یونیورسٹی میں جسمانی حرکیات کے پروفیسر نے اپنی تحقیق حال ہی میں شائع کی ہے جس کے مطابق باقاعدہ ورزش، امراضِ قلب، شوگر، موٹاپے اور دیگر امراض کو کم کرکے زندگی کو خوشگوار بناتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ہفتے میں 150 منٹ تک ورزش ، جاگنگ یا تیز واک صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اگر یہ نہ ہوسکے تو ہفتے میں 75 منٹ کی بھرپور ایئروبک ورزش کی جائے تاکہ اس کا ازالہ ہوسکے۔

تحقیق سے ثابت ہے کہ چھوٹے وقفوں میں شدید ورزش سے بھی باقاعدہ ورزش جیسے فوائد حاصل ہوتے ہیں جسے سپرنٹ انٹرویل ٹریننگ ( ایس آئی ٹی) کہا جاتا ہے۔ اس میں 2 منٹ بدن کو گرم (وارم اپ) کرنے اور تین منٹ بدن کو ٹھنڈا ( کول ڈاؤن) کرنے 20 سیکنڈ تک سائیکل چلانے کے بھرپور سیشن اور 4 منٹ تک کم شدت سے سائیکل چلانا شامل ہے۔

اس ورزش میں تھوڑے وقفے کے لیے شدید ورزش کی جاتی ہے. اس کے علاوہ ماہرین نے رضاکاروں کو 50 منٹ کی طویل ورزش بھی کرائی اس کے بعد 10 منٹ زیادہ شدید اور 50 منٹ تک کم شدید ورزش کرنے والے رضاکاروں کا جائزہ لیا گیا۔ اگرچہ دونوں گروپ کے دل کی کارکردگی ، سانس لینے، انسولین کی حساسیت اور پٹھوں میں بہتری دیکھی گئی  لیکن صرف 10 منٹ کی ورزش کے بھی وہی فوائد حاصل ہوئے۔ اس بنیاد پر ماہرین کہہ رہے ہیں کہ صرف ایک منٹ کی لیکن شدید ورزش جسم پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔