شام کے شہر حلب میں باغیوں کا مسجد پر حملہ، 16 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 29 اپريل 2016
شامی افواج کے حلب میں کلینک پر فضائی حملے میں ڈاکٹر سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے، رپورٹ، فوٹو؛ فائل

شامی افواج کے حلب میں کلینک پر فضائی حملے میں ڈاکٹر سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے، رپورٹ، فوٹو؛ فائل

دمشق: شام کے شہر حلب میں حکومتی افواج اور شدت پسندوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں ایک ہفتے میں 200 سے زائد شہری ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ تازہ واقعے میں مسجد پر باغیوں کے حملے میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے شہر حلب کی مسجد پر نماز جمعہ کے دوران باغیوں نے حملہ کردیا، باغیوں نے مسجد پر مارٹر گولے فائر کیے جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ شامی افواج کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ باغیوں کے حملے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوچکی ہے جب کہ واقعے میں 50 سے زائد نمازی زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

لندن میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم نے شامی فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فضائی حملہ حلب میں ڈینٹل کلینک وائٹ ہیلمٹ پر کیا گیا ہے جس میں علاج فراہم کرنے والے ایک ڈاکٹر اور نرس سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں القدس اسپتال اور کلینک پر 2 حملے ہوچکے ہیں جن میں 2 ڈاکٹروں، 9 بچوں سمیت 40 عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپتال پر شامی فوج کے فضائی حملے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ شام کے سب سے بڑے شہر حلب میں گزشتہ 7 روز میں شامی افواج کے فضائی حملوں میں اب تک 18 بچوں سمیت 144 شہری مارے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔