گرگٹ بھی نیند میں انسانوں کی طرح خواب دیکھتے ہیں، تحقیق

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 اپريل 2016
کہا جا سکتا ہے کہ گرگٹ خواب میں کیڑے مکوڑوں یا مکھیوں کو کھا رہے ہوں، ماہرین، فوٹو؛فائل

کہا جا سکتا ہے کہ گرگٹ خواب میں کیڑے مکوڑوں یا مکھیوں کو کھا رہے ہوں، ماہرین، فوٹو؛فائل

لندن: گرگٹ کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کے مطابق اپنا رنگ بدل لیتا ہے اسی لیے تو گرگٹ کی طرح رنگ بدلنا والا محاورہ مشہور ہوگیا لیکن اب سائنس دانوں نے ان کے بارے ایک اور حیرت انگیز انکشاف کیا ہے اور وہ کہ گرگٹ نیند کے دوران انسانوں کی طرح خواب دیکھتے ہیں۔

برطانیہ میں کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل سائنس دانوں کا خیال تھا کہ جانور اور پرندے انسانوں کی طرح خواب دیکھتے ہیں لیکن اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ گرگٹ بھی خواب خرگوش سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے مسلسل مشاہدے کے بعد انہیں پہلی بار اس بات کا ٹھوس ثبوت ملا ہے کہ گرگٹ سوتے ہوئے خواب دیکھتا ہے اور اس دوران سونے کے پیٹرن ریم واضح طور پر سامنے آیا جو انسانوں میں سونے کے دوران پایا جاتا ہے۔

میکس پلینک انسٹیٹیوٹ فار برین ریسرچ کی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ یہ تو طے ہے کہ گرگٹ خواب دیکھتے ہیں لیکن اس میں کیا دیکھتے ہیں اس کی وضاحت مشکل ہے البتہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ خواب میں کیڑے مکوڑوں یا مکھیوں کو کھا رہے ہوں یا پھر گھروں کی دیواروں پر آزادی سے رینگ رہے ہوں۔

گرگٹ کے خواب کے بارے میں جاننے کے لیے سائنس دانوں نے ایک تحقیقاتی چپب اس کے دماغ میں لگائی اور انہوں نے چار سے پانچ سائیکل تک ان کا مشاہدہ کیا اور سلو ویو اور ریم کے درمیان تعلق پر غور کیا تویہ بات سامنے آئی کہ اس کی آنکھیں 80 سیکنڈ میں 350 بار حرکت کرتی ہیں جو خواب کے دوران ہی ہو سکتی ہے۔ انسان جب خواب دیکھ رہا ہو تو اس کی آنکھیں تیزی سے حرکت کرتی ہیں جب کہ دل کی دھڑکن تیز اور بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔