کراچی آپریشن میں حاصل ہونے والے اہداف کو واپس نہیں ہونے دیں گے، کورکمانڈر

ویب ڈیسک  جمعـء 29 اپريل 2016
شہر میں جاری آپریشن عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہے، لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، فوٹو؛ آن لائن

شہر میں جاری آپریشن عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہے، لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، فوٹو؛ آن لائن

 کراچی: کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے جب کہ آپریشن میں حاصل ہونے والے اہداف کو واپس نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کراچی میں ساحل سمندر پر نشان پاکستان کے نام سے یادگار کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان اور کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کورکمانڈر نے کہا کہ کراچی زبان ثقافت اور مذہب کے اعتبار سے گلدستے کی مانند ہے جب کہ یہاں عوام کی محبت اورخدمت میرے لیے سب سے بڑا اعزاز اور اساسہ ہے، شہر کے عوام کی ہمت ، بہادری اور استقامت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

کور کمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ نشان پاکستان یاد گار قومی ہم آہنگی کے مزید فروغ اور ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے بنائی گئی ہے اور یہ کراچی کے عوام کے لیے یک جہتی کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہے اور آپریشن کے اہداف کے حصول میں عوام کا مرکزی کردار ہے جب کہ عوام کے تعاون سے حاصل کردہ اہداف کو ناقابل واپسی بنایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔