سندھ کی بیٹنگ اہم موقع پر دھوکا دے گئی، پنجاب فائنل میں

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 30 اپريل 2016
شان مسعود نے59 رنز کی دلکش اننگزکھیلی، فواد عالم کی ففٹی رائیگاں،احسان عادل اور ذوالفقار بابرنے3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔

شان مسعود نے59 رنز کی دلکش اننگزکھیلی، فواد عالم کی ففٹی رائیگاں،احسان عادل اور ذوالفقار بابرنے3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور: سندھ کی بیٹنگ اہم موقع پر دھوکا دے گئی، پنجاب نے5 وکٹ کی فتح کے ساتھ پاکستان کپ کے فائنل میں جگہ پکی کر لی،دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 4،4ہونے کے بعد بہتر رن ریٹ پر فائنلسٹ کا فیصلہ ہوا۔

پنجاب نے بہتر رن ریٹ پر پاکستان کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی، اقبال اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم سندھ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پوری ٹیم 46.3 اوورز میں صرف 158 رنز پر ہی ہمت ہار گئی۔ 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے، کے پی کے کے خلاف میچ میں 168 رنز پر ناقابل شکست رہنے والے خالد لطیف صرف ایک رن پر پویلین لوٹ گئے، فواد عالم نے کسی حد تک مزاحمت کی اور 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز بنائے، سرفراز احمد نے 40 رنز کی اننگز کھیلی، ایک موقع پر سندھ کی 4 وکٹیں 35 رنز پر گر چکی تھیں، اوپنر سمیع اسلم 9 اورخرم منظور نے صرف 3 رنز پر اپنی وکٹیں گنوائیں، بعد ازاں صہیب مقصود نے فواد عالم کے ساتھ ٹیم کے مجموعی اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔

104 کے اسکور پر صہیب بھی 16 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے، حسن خان 13، بلال آصف 4، محمد عامر2، رومان رئیس ایک جب کہ سہیل خان کوئی بھی رن نہ بنا سکے، احسان عادل اور ذوالفقار بابر نے 3، 3 جب کہ عامر یامین اور کاشف بھٹی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، جواب میں پنجاب کی ٹیم مطلوبہ ہدف 28 ویں اوور میں 5 وکٹ پر پورا کرنے میں کامیاب رہی، شان مسعود نے 5 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، سلمان بٹ نے39 اورکپتان شعیب ملک نے15 رنز بنائے، محمد رضوان 15 رنز پرناٹ آؤٹ رہے جب کہ عماد بٹ نے 8 اوراسد شفیق نے4 رنز پر اپنی وکٹیں گنوائیں، سہیل خان اورمحمد عامر نے 2، 2 کھلاڑیوں کا شکار کیا، شان مسعود کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔