(ن) لیگی قیادت کے گھروں کا گھیراؤ ہوا تو بنی گالہ اور لال حویلی بھی ہم سے دور نہیں، عابد شیر علی

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 اپريل 2016

فیصل آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے (ن) لیگ کی قیادت کے گھروں کا گھیراؤ کیا تو پھر بنی گالہ اور لال حویلی بھی ہماری پہنچ سے دور نہیں ہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے، جن لوگوں نے 10 سال تک پرویز مشرف کے ساتھ مل کر حکومت کی ان کا بھی احتساب ہونا چاہیئے، سب کا احتساب ہوگا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ کے گھیراؤ کی باتیں کرنے والے عمران خان کو چاہیئے کہ جمہوری انداز میں سیاست کریں، اگر کسی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے گھروں کا گھیراؤ کیا تو بنی گالہ اور لال حویلی بھی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے دور نہیں ہیں۔

عابد شیر علی نے کہا کہ جہانگیرترین شہبازشریف کے پائلٹ ہوا کرتے تھے، عمران خان کو اللہ کے عذاب سے ڈرنا چاہیئے کیونکہ پشاورمیں لوگ چوہوں کے عذاب میں مبتلا ہیں، چوہوں نے عمران خان کا خیبر پختونخوا کو ماڈل صوبہ بنانے کے دعووں کا پول کھول دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔