بلاول بھٹو کا وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ درست ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 اپريل 2016
وزیراعظم کسی پر الزام نہ لگائیں بلکہ اپنا احتساب دیں، عمران خان - فوٹو: فائل

وزیراعظم کسی پر الزام نہ لگائیں بلکہ اپنا احتساب دیں، عمران خان - فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیر مین تحریک انصاف عمران خان نے بلاول بھٹو زرداری کے وزیراعظم سے استعفے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کی حرکتیں ثابت کررہی ہیں کہ کرپشن کے الزامات درست ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف  اپوزیشن  کو بھلے منالیں میں پانامالیکس پرجواب  تک نہیں مانوں گا جب کہ نواز شریف کے پاناما لیکس پر جواب آنے تک تحریک جاری رہے گی، میاں صاحب کو احساس  ہونا چاہیے یہ بادشاہت نہیں جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعظم سے استعفے کا  مطالبہ درست ہے کیوں کہ میاں صاحب کی حرکتیں ثابت کررہی ہیں کہ کرپشن کے الزامات درست ہیں۔

لاہور کے جلسے سے متعلق سوال کے جواب پر عمران خان نے کہا کہ مجھے ڈرانے کی کوشش نہ کریں کل جلسہ ہوگا میں جاؤں گا اور لاہور میں مجھے شاید نوازشریف سے سیکیورٹی خطرہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے  پوچھنے کا ہمارا حق ہے لیکن ان سے جواب مانگوتو مانسہرہ نکل جاتے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک خاندان کی کرپشن بچانے کے لیے سیل بنا ہوا ہے جہاں لوگوں پر کیچڑ اچھالنے کے لیے عوام کے ٹیکس کا پیسہ اشتہاری مہم پر استعمال کیا جارہا ہے جب کہ مریم نوازشریف کے سیل میں عوام کے پیسوں کے غلط استعمال کے خلاف نیب جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر الزامات ملک کے وزیراعظم پر لگے لہذا میاں صاحب دوسروں پر الزام نہ لگائیں اور اپنا حساب دیں جب کہ جہانگیر ترین نے اپنے اثاثے ڈکلیئر کردیے ہیں لہذا نوازشریف بھی اپنے اثاثے ڈکلیئر کریں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر میاں صاحب کمیشن کے ٹی او آرز تبدیل نہیں کریں گے تو اس سے یہ واضح ہوگا کہ وہ اپنے جرم چھپانا چاہتے ہیں ورنہ وہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی طرح پارلیمںٹ میں آکر اپنے اثاثے ڈکلیئر کرتے لیکن انہوں نے ابھی تک اپنی آف شور کمپنیاں بھی ڈکلیئر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب جہاں چاہے جلسے کریں اور ایک ہی منصوبے کا 4،4 بار افتتاح بھی کریں لیکن اپوزیشن اس بات پر متفق ہے کہ وزیراعظم اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب عوام کو دینا ہوگا۔ عابد شیر علی کی جانب سے بنی گالہ کا گھیراو کرنے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ عابد شیر علی آج ہی یہاں آجائیں میں برا نہیں مناؤں گا کیوں کہ میں نے قوم سے کچھ بھی نہیں چھپایا۔

ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے اور وزیراعظم کے بچوں کے بیرون ملک کمپنیوں میں بہت فرق ہے کیوں کہ میں نے قانونی طریقے سے بچوں کو باہر پیسے بھیجے جس کے ثبوت میرے پاس ہیں اور وہ میں 28 اپریل کی پریس کانفرنس میں قوم کو دکھا بھی چکا ہوں جب کہ میری بیرون ملک جائیداد سے ایف بی آر بھی واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ملک میں 70 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی لیکن بیرون ملک میری کوئی سرمایہ کاری نہیں ہے ۔

 

 

 

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔