تختِ لاہور لرز رہا ہے اب نوازشریف کے دن گنے جاچکے، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 اپريل 2016
نوازشریف پاناما لیکس کی تحقیقات تک مستعفی ہوجائیں، چیئرمین پیپلزپارٹی کا مطالبہ،
فوٹو؛ فائل

نوازشریف پاناما لیکس کی تحقیقات تک مستعفی ہوجائیں، چیئرمین پیپلزپارٹی کا مطالبہ، فوٹو؛ فائل

کوٹلی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تخت لاہور لرزرہا ہے اور نوازشریف کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے کیوں کہ ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔

پیپلزپارٹی آزاد كشمیر كے زیر اہتمام كوٹلی كے سكندر حیات اسپورٹس اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب كرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے لیے خوشی كا دن ہے كہ میں كشمیر كی سرزمین پر كھڑا ہوں جو جنت نظیر كہلاتا ہے، كشمیری پوری دنیا میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جنوبی ایشا میں امن ہوتا ہے تو مشرق وسطیٰ میں بھی امن ہو گا، اگر جنوبی ایشا میں امن كی بات تو ہوتی ہے اس پر عمل نہیں ہوتا، كشمیر میں ظلم كی بات كرنے سے میاں صاحب گھبراتے ہیں، آسیہ اندرابی كی گرفتاری پر مسلم لیگ ’’ن‘‘ خاموش رہی، امریكا نے بات كی لیكن میاں صاحب خاموش ہیں مگر پیپلز پارٹی نا انصافیوں پر كبھی خاموش نہیں رہے گی، ہم كشمیریوں كے ساتھ ہیں، مجھے كسی كا ڈر نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب بھی كشمیر پر بات كرتا ہوں تو مودی سركار اور انڈیا چیخ اٹھتا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں كہ پیپلز پارٹی كی بات پوری دنیا میں سنی جاتی ہے اور جب بھی بھٹو بات كرتا ہے تو كسی كے پاس كوئی جواب نہیں ہوتا، پوری دنیا كشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش رہے لیكن میں بولوں گا۔ انہوں نے كہا كہ عوام میرے ساتھ کرپشن کےسردار اور مودی کے یار کو شکست دیں کیونکہ نوازشریف کی شکست مودی کی شکست اور کشمیر کی جیت ہوگی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف كی كشتی ہچكولے كھا رہی ہے، تخت رائے ونڈ لرز رہا ہے، نواز شریف ایك سیاسی جلسے میں سابق وزیر اعظم سے استعفیٰ طلب كر رہے تھے آج وہی مطالبہ میں كرتا ہوں كہ میاں صاحب استعفیٰ دیں اور الزامات سے بری ہونے كے بعد اپنا عہدہ سنبھالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب گھبرا گئے ہیں اسی لیے وہ اپنا علاج لندن كے اسپتالوں میں كرا رہے ہیں، ایسی كوئی بات ضرور ہے جو آپ كے تمام جھوٹ ظاہر كر رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’’ن‘‘ لیگ آزاد كشمیر میں دھاندلی كی تیاریاں كر رہی ہے، نادرا میں جعلی فہرستیں تیار كركے كشمیریوں كو ووٹ سے محروم كیا جا رہا ہے، بلوچستان اور پنجاب میں مقیم كشمیریوں كو ووٹ سے محروم كیا جارہا ہے، مجھے علم ہے كہ میاں صاحب كی حكومت كشمیر میں پھر مینڈیٹ چوری كرنے كی كوششوں میں ہے لیكن انہیں كشمیر میں عبرت ناك شكست ہو گی جس طرح كشمیر كا پانی پاكستان كی طرف بہتا ہے اسی طرح شكست بھی مسلم لیگ كو بہا كر لے جائے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں نواز شریف صرف كاروباری آدمی ہیں سیاسی بالكل نہیں، ان كی كوئی پالیسی نہیں ہے وہ ہر ادارے كو اونے پونے داموں فروخت كر رہے ہیں، ایك ہاتھ سے بیچتے ہیں اور دوسرے ہاتھ خریدتے ہی جب کہ وہ جعلی كمپنیاں بنانے میں ماہر ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ میٹروبس منصوبے پر 182 ارب روپے خرچ كیے گئے جب كہ كشمیر كا بجٹ 68 ارب ہے اگر یہ پیسہ كشمیر پر خرچ ہوتا تو اس خطے كے لوگوں كا معیار زندگی بلند ہوتا۔ انہوں نے كہا كہ كشمیر كی اپنی ایك تاریخ ہے، ہندوستان نے باڑھ لائیں لگا كر كشمیریوں كو تقسیم كیا گیا، وفاقی حكومت كو چاہیئے كہ وہ كشمیر میں اسپیشل اكنامك زون بنائے، انڈسٹریل اسٹیٹ بنائے تاکہ یہاں روزگار كے مواقع ہوں او لوگوں كا معیار زندگی بہتر ہو، یہاں نئی سڑكیں بنیں، شفا خانے اور تعلیمی ادارے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں شفافیت پر یقین ركھتا ہوں، غلطیاں ہوتی ہیں جو غلطی كرے گا اس كا حساب بھی دے گا، میں ایك ایسا كشمیر چاہتا ہوں جہاں كشمیریوں كو كہیں جانے كی ضرورت نہ ہو بلكہ كشمیر اپنے ملك میں آ كر اپنے لوگوں كی خدمت كریں، كشمیر پھلے پھولے اور یہاں خوشحالی ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔