اکشے کمار نے اپنے مداح سے معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 اپريل 2016
گزشتہ دنوں  بالی ووڈ اسٹارکے محافظ نے سیلفی لینے کی کوشش پر مداح کو تھپڑ رسید کردیا تھا ،فوٹو:فائل

گزشتہ دنوں بالی ووڈ اسٹارکے محافظ نے سیلفی لینے کی کوشش پر مداح کو تھپڑ رسید کردیا تھا ،فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ میں خطروں کے کھلاڑی کے حوالے سے شہرت رکھنے والے اداکار اکشے کمار نے محافظ کی جانب سے مداح کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگ لی ہے۔

بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار اپنے کردار میں رنگ بھرنے کے لیے جان کو خطرے میں ڈالنے کے علاوہ اپنی دوستی اور نرم رویئے سے بھی پہچانے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب انہوں نے اپنے محافظ کی جانب سے غلطی پر اپنے مداح سے معافی مانگ لی ہے۔

گزشتہ دنوں  بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کے محافظ نے سیلفی لینے کی کوشش پر مداح کو تھپڑ رسید کردیا تھا جس پر اب خطروں کے کھلاڑی نے غلطی کا احساس ہونے پر اپنے مداح سے معافی مانگ لی ہے جب کہ اداکار اکشے کمار کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ممبئی ایئر پورٹ پر مداح کے ساتھ جو ہوا اس کا مجھے علم نہیں تھا تاہم میں اپنے مداح سے محافظ کی جانب سے مکا رسید کرنے پر معافی مانگتا ہوں کیوں کہ میرے مداح میرے لیے بہت اہم ہیں اسی لیے محافظ کی مداح کے ساتھ بد تمیزی کا علم ہونے پر سخت تنبیہ کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کے ایئرپورٹ سے گھر روانگی کے دوران مداح نے سیلفی لینے کی کوشش کی تھی جس پر اداکار کے محافظ نے مداح کو مکا رسید کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔