اقوام متحدہ مشن کے نام پر شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے والا گروہ راولپنڈی سے گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 1 مئ 2016
ملزمان اقوام متحدہ کے جنگی مشن کے نام پر معصوم شہریوں کو بیرون ممالک بجھوا کر بھاری رقوم ہتھیا رہے تھے، ایف آئی اے۔ فوٹو: فائل

ملزمان اقوام متحدہ کے جنگی مشن کے نام پر معصوم شہریوں کو بیرون ممالک بجھوا کر بھاری رقوم ہتھیا رہے تھے، ایف آئی اے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: اقوام متحدہ کے جنگی مشن کے نام پر جعلی کاغذات بنا کر لوگوں کو بیرون ملک بھیجوانے والا گروہ پکڑا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے راولپنڈی کے علاقے فیض آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 3 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر کے اقوام متحدہ کے جعلی ایگریمنٹ لیٹر اور جنگی مشن کے نام پر ایتھوپیا بجھوانے کے جعلی کاغذات بھی برآمد کر لئے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ فیص آباد کے قریب ہوٹل سے گرفتار انسانی اسمگلروں کی شناخت صفدر، اقبال اور بابر حیات کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزمان اقوام متحدہ کے نام پر معصوم شہریوں کو بیرون ممالک بجھوا کر بھاری رقوم ہتھیا رہے تھے جب کہ ملزمان کے قبضے سے اقوام متحدہ کے جعلی ایگریمنٹ لیٹرز اور اقوام متحدہ کے زیر انتظام فوج کے جعلی ڈیمانڈ لیٹر بھی برآمد ہوئے۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے پاسپورٹ سیل منتقل کردیا گیا۔

قبل ازیں ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی کارروائی کر کے جعلی پاسپورٹ کے ذریعے سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔