فیصل آباد میں مضرصحت دودھ پینے سے بچوں سمیت 70 افراد کی حالت غیر

ویب ڈیسک  پير 2 مئ 2016
بچوں نے محلے میں بانٹا جانے والا دودھ پیا تھا جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی، ذرائع۔ فوٹو:فائل

بچوں نے محلے میں بانٹا جانے والا دودھ پیا تھا جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی، ذرائع۔ فوٹو:فائل

فیصل آباد: مضرصحت دودھ پینے سے خواتین سمیت 70 افراد کی حالت غیر ہوگئی جس میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد میں مضرصحت دودھ پینے سے  بچوں اور خواتین سمیت 70 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق محلہ غلام محمد آباد کے مکینوں نے  دکاندار کی جانب سے لوگوں میں  تقسیم کیا گیا دودھ پیا تھا جسے پی کر 70 افراد کی حالت غیر ہوگئی جس میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

دوسری جانب سی پی او افضال کوثرنے الائیڈ اسپتال میں متاثرہ بچوں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مضر صحت دودھ تقسیم کرنے والے دکاندار کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ دودھ کے نمونے بھی لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔