صحرائے سینا میں مصری فوج کی بمباری سے 24 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ویب ڈیسک  پير 2 مئ 2016
مصری فوج کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں الشیخ زوید کے جنوبی علاقے، رفح اور العکور میں کی گئیں۔ فوٹو : فائل

مصری فوج کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں الشیخ زوید کے جنوبی علاقے، رفح اور العکور میں کی گئیں۔ فوٹو : فائل

قاہرہ: مصری فوج نے صحرائے سینا میں جنگجو تنظیم کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائی کرتے ہوئے 24 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصری فوج نے صحرائے سینا میں اپاچی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کارروائی کرتے ہوئے شدت پسند تنظیم کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے دوران 24 عسکریت پسند مارے گئے جب کہ کارروائی میں 30 سے زائد جنگجوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مصر کے سیکیورٹی حکام نے آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصری فوج نے الشیخ زوید کے جنوبی علاقے اور رفح میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر زمینی اور فضائی حملے جاری ہیں جہاں 20 جنگجو ہلاک ہوئے جب کہ العکور کے مقام پر فورسز کی جانب سے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں 4 جنگجو سوار تھے۔ دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم نے اپنی  رپورٹ میں بتایا ہے کہ مصری فوج نے صحرائے سینا کے الشیخ زوید، رفح اور جنوبی العریش کے علاقوں  میں زمینی اور ہوائی کارروائی کر کے 38 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔

واضح رہے کہ صحرائے سینا میں منتخب صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے پولیس اور فوج پر حملوں میں شدت پیدا ہوئی ہے جب کہ مسلح گروہوں کے خلاف مصری سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں بھی بدستور جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔