آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے كراچی ميں  تيزی سے امن قائم ہورہا ہے، گورنر سندھ

ویب ڈیسک  پير 2 مئ 2016
پاكستان کی  ترقی اور امن و امان كا انحصار كراچی كے امن و امان اور ترقی سے وابستہ ہے، ڈاکٹر عشرت العباد خان، فوٹو؛ فائل

پاكستان کی ترقی اور امن و امان كا انحصار كراچی كے امن و امان اور ترقی سے وابستہ ہے، ڈاکٹر عشرت العباد خان، فوٹو؛ فائل

 کراچی: گورنر سندھ  ڈاکٹرعشرت العباد کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے كراچی ميں تيزی سے امن قائم ہورہا ہے لہٰذا كوشش ہے كہ امن وامان كی اس صورتحال كو دورس بنياد پر قائم ركھا جائے۔

گورنر ہاؤس ميں امریکی سفارتخانے كے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گورنرسندھ ڈاكٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے كراچی ميں  تيزی سے امن قائم ہورہا ہے لہٰذا كوشش ہے كہ امن وامان كی اس صورتحال كو دورس بنياد پر قائم ركھا جائے اور اسی حوالے سے عسكری اور سياسی قيادت قليل مدتی، وسط مدتی اور طويل مدتی پلان پر كار فرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے جرائم كے مكمل خاتمے کے لیے دہشت گردوں كے خلاف اقدامات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک شہر اور صوبہ كو جرائم پيشہ عناصر، دہشت گردوں اور ٹارگٹ كلر سے نجات نہيں دلائی جاتی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ خطے ميں امن و ترقی كے لیے پر امن پاكستان ضروری ہے جب كہ پاكستان کی  ترقی اور امن و امان كا انحصار كراچی كے امن و امان اور ترقی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ يہ پہلا موقع ہے كہ عوام، حكومت اور عسكری قيادت كا ایک ہی عزم ہے اور اس ميں كوئی شک نہيں كہ جمہوريت ہی عوامی مسائل كا حل ہے جب کہ جمہوريت کی بقاء كے لیے ضروری ہے كہ احتساب كا عمل مستقل بنياد پر جاری رہے کیونکہ اگر احتساب نہ ہو تو معاشرہ بدنظمی كا شكار ہوجاتا ہے جس سے عوام كا جمہوريت پرسے اعتماد ڈگمگا نے لگتا ہے اس لیے پاكستان ميں جمہوريت كے فروغ كےلیے ضروری ہے كہ ہر سطح پر احتساب كا عمل جاری رہے اور گڈ گورننس پروان چڑھے۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ جس طرح سے ہماری افواج نے دہشت گردی كا خاتمہ كيا وہ قابل تعريف ہے کیونکہ پاكستان دہشت گردی كی جنگ ميں متاثر ترين ملك ہے، ضروری ہے كہ پاكستان ميں  مستقل بنياد پر استحكام پيدا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں سيكيورٹی كی بہتر صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھايا جائے اور شہر ميں  ترقياتی عمل كو تيزی سے آگے بڑھايا جائے تاكہ غربت کے خاتمے سمیت ايسے عوامل كا بھی خاتمہ ہو جس كے ذريعے معاشرے ميں  جرائم جنم ليتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔