کوئٹہ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 1 اہلکار شہید، 3 زخمی

ویب ڈیسک  منگل 3 مئ 2016
کوئٹہ دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت. فوٹو:فائل

کوئٹہ دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت. فوٹو:فائل

کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جب کہ 3 زخمی ہوگئے۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر شہید جب کہ 3 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی جب کہ کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری ڈاکٹر مجیب الرحمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کانسٹبلری کی ریپڈ رسپانس گروپ کی گاڑی معلوم کے مطابق گشت پر تھی جسے ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا جب کہ سڑک کنارے 2 کلو بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔