ہریتھک روشن کے ساتھ رجوع کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، سوزین خان

ویب ڈیسک  منگل 3 مئ 2016
ہم کبھی بھی ایک بار پھر ساتھ نہیں ہوں گے، سوزین خان کی ٹوئٹ۔ فوٹو:فائل

ہم کبھی بھی ایک بار پھر ساتھ نہیں ہوں گے، سوزین خان کی ٹوئٹ۔ فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ہریتھک روشن کی سابق اہلیہ سوزین خان کا کہنا ہے کہ سابق شوہر کے ساتھ ایک بار پھر مصالحت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریتھک روشن اور ان کی سابق اہلیہ اپنے چھوٹے بیٹے ہردانس کی سالگرہ کے موقع پر ایک ساتھ دکھائی دیئے تھے جس کے بعد افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سابق جوڑی ایک مرتبہ پھر تمام اختلافات بھلا کر ایک ہونے جارہی ہے تاہم ان افواہوں نے اس وقت دم توڑ دیا جب سوزین خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر خود اپنی ٹوئٹ میں اس کی تردید کی۔

سوزین خان کا کہنا تھا کہ ہریتھک روشن کے ساتھ دوبارہ مصالحت کا سوال ہی نہیں لیکن ہم دونوں ہمیشہ اچھے والدین رہیں گے، ہم کبھی بھی ایک بار پھر ساتھ نہیں ہوں گے، اگراس قسم کی افواہیں گردش کر رہی ہیں تو وہ من گھڑت ہیں جب کہ انہوں نے عوام سے قیاس آرائیاں نہ کرنے کی بھی درخواست کی ۔

دوسری جانب سوزین خان نے ہریتھک روشن اوراداکارہ کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی ایک ساتھ تصویرکے حوالے سے کہا کہ وہ بھی جھوٹی اورفوٹو شاپ سے بنائی گئی ہے اوراس معاملے میں وہ اپنے سابق شوہر کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں کو بچوں کے ہمراہ ایک ساتھ ہوٹل میں لنچ کرتے دیکھا گیا تھا جس کے بعد عوام کی جانب سے قیاس آرائیاں شروع کی گئیں تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔