ڈرائیونگ کے دوران حادثے سے بچانے والی ایپ تیار

ویب ڈیسک  جمعرات 5 مئ 2016
ایپ گاڑی کی رفتار بڑھتے ہی فون کو ازخود بلاک کردیتی ہے اور اس طرح ڈرائیور کی توجہ نہیں بھٹکتی۔  فوٹو؛ فائل

ایپ گاڑی کی رفتار بڑھتے ہی فون کو ازخود بلاک کردیتی ہے اور اس طرح ڈرائیور کی توجہ نہیں بھٹکتی۔ فوٹو؛ فائل

مڈل سیکس۔: ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرتے ہوئے حادثات کی شرح ہر روز بلند ہوتی جارہی ہے اور اس کے تدارک کے لیے ایک ایسی ایپ تیار کی گئی ہے جو کار کی رفتار بڑھنے پر فون کو ازخود بلاک کردیتی ہے۔

برطانوی کمپنی کے مطابق موبائل فون پر ڈرائیونگ نشے میں کار دوڑانے سے بھی 3 گنا زائد خطرناک ہوسکتی ہے اور اس کے اثرات پوری دنیا میں ظاہر ہورہے ہیں۔ ایک موبائل فون 3 طریقوں سے ڈرائیور کی توجہ کو متاثر کرتا ہے، اس کی آواز توجہ بٹاتی ہے، براہِ راست فون کو دیکھنے سے نظر کار کی بجائے فون پر ہوتی ہے اور فون اٹھاتے وقت بھی اسٹیئرنگ سے ہاتھ ہٹانا پڑتے ہیں اور تیز ڈرائیونگ میں یہ سب کام خطرے سے خالی نہیں۔

برطانوی کمپنی کی تیارکردہ مائی فکس ایپ ، گلوبل پوزیشننگ سسٹم ( جی پی ایس) کے تحت کام کرتی ہے اور جیسے ہی کار کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ ہوجائے تو وہ اسکرین کو بند کردیتی ہے اور فون لاک ہوجاتا ہے۔ اس سے قبل بھی کمپنی نے ایسی کئی ایپس تیار کی ہیں جن میں سے ایک ڈسٹریکشن پری وینشن ایپ بھی ہے جو خلل اندازی کو روکتی ہے۔

کمپنی  نے پہلے یہ ایپ ملازمین کی ٹریکنگ کے لیے تیار کی تھی جسے تبدیل کرکے دورانِ سفر فون کو بند کرنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ حرکت محسوس کرتے ہی ایپ کال، ٹیکسٹ اور ہر طرح کے ایس ایم ایس روک دیتی ہے اور ساتھ ہی یہ ڈرائیور کی رفتار اور سفرکے دوران وقت کو بھی نوٹ کرتی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ ایپ کم عمر اور نوجوان ڈرائیوروں کے لیے زیادہ اہم ہے کیونکہ وہ فون کا بے تحاشہ استعمال کرتے ہیں اور ہروقت کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔