برطانوی کمپنی نے بلی کی ’’میاؤں‘‘ کو سمجھنے والا آلہ تیار کرلیا

ویب ڈیسک  بدھ 4 مئ 2016
جدید ترین اور حیران کن ڈیوائس مائیکروفون، اسپیکر، بلیو ٹوتھ ٹیکنالوجی اور وائی فائی پر مشتمل ہے۔

جدید ترین اور حیران کن ڈیوائس مائیکروفون، اسپیکر، بلیو ٹوتھ ٹیکنالوجی اور وائی فائی پر مشتمل ہے۔

لندن: بلیوں سے محبت ہر معاشرے اور ثقافت میں نظرآتی ہے اور لوگوں کی اکثریت اور بالخصوص بچے تو بلیوں سے بے انتہا قربت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ بلی ان سے باتیں کرے اور وہ اسے سمجھ بھی سکیں تو اس خواب کو برطانوی کمپنی نے حقیقت کر رنگ دیتے ہوئے ایسا آلہ تیار کیا ہے جس کی مدد سے بلی کی میاؤں کو سمجھا جا سکے گا اور مالک کے اس کے ساتھ تعلقات زیادہ قربت اختیار کر جائیں گے۔

برطانوی کمپنی نے اس جدید ترین اور حیران کن ڈیوائس کو تیار کیا ہے جو مائیکروفون، اسپیکر، بلیو ٹوتھ ٹیکنالوجی اور وائی فائی پر مشتمل ہے اور اسے کیٹر بکس کا نام دیا گیا ہے جب کہ یہ آلات بلی کی آواز کو وصول کرکے اسے انسانی زبان میں ترجمہ کردیتے ہیں۔ یہ آلہ تھری ڈی پرنٹڈ کی خوبیاں رکھتا ہے جب کہ چار رنگوں والےاس آلے کو  ربر سے ڈھانپا گیا ہے تاکہ بلی کے لیے آرام دہ ہو۔

آلے کے موجد اور کمپنی کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ تحقیق کے دوران انہوں نے بلی کی آواز اپنی آواز سے ریکارڈ کی جس کے لیے یہ پروٹو ٹائپ ڈیوائس بنائی گئی اور اس کی بدولت بلی کی آواز کو کسی حد تک سمجھنا ممکن ہوگیا بلکہ کہا جا سکتا ہے کہ انہوں نے پہلی بار بلی کو زبان دے دی ہے جس کی مدد سے اس کا مالک نہ صرف بلی کی ضرورت اور احساسات سے واقف ہوسکے گا بلکہ دونوں کے درمیان نئے خوشگوار تعلقات قائم ہوسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی بدولت بلی کی 100 فیصد آواز تو نہیں سمجھی جا سکتی لیکن کافی حد تک سمجھنا ممکن ہوسکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔