سویلین شخص بغیرپہچان کرائے نیئربخاری کی تلاشی کیسے لے سکتا ہے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  بدھ 4 مئ 2016
آئی جی اسلام آباد کے رویئے پرافسوس ہے جنہوں نے بغیر انکوائری کے نیئر بخاری کے خلاف ایف آئی آر کا حکم دیا،اپوزیشن لیڈر۔ فوٹو:فائل

آئی جی اسلام آباد کے رویئے پرافسوس ہے جنہوں نے بغیر انکوائری کے نیئر بخاری کے خلاف ایف آئی آر کا حکم دیا،اپوزیشن لیڈر۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سابق چئیرمین سینیٹ نیئربخاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے پراپوزیشن لیڈرخورشید شاہ برہم ہوگئے اور کہا کہ سادہ کپڑوں میں ایک شخص اپنی پہنچان کرائے بغیر نیئربخاری جیسی شخصیت کی تلاشی کیسے لے سکتا ہے۔

ایکسپریس نیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے نیئربخاری کے خلاف مقدمہ درج  کرنے پربرہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میڈیا نیئرحسین بخاری کی تاریخ جانتا ہے جو چیئرمین سینیٹ اورپارلیمنٹرین رہے ہیں جب کہ وہ خود وکیل ہیں جو ضلع کچہری جا رہے تھے، ایک سویلین شخص بغیرپہچان کرائے نیئر بخاری کی تلاشی کیسے لے سکتا ہے جنہیں پہلے سے ہی سیکیورٹی خطرات لاحق ہوں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد کے رویئے پرافسوس ہے جنہوں نے بغیر انکوائری کے نیئر بخاری کے خلاف ایف آئی آر کا حکم دیا، یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا، وزیراعظم مذکورہ جج کی عدالت سے واقعہ کی تحقیقات کرائیں۔

واضح رہے کہ آج سابق چیرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے تلاشی لینے پر عدالت کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو تھپڑ رسید کردیا اور زبردستی کچہری میں گھس گئے تھے جس پر  آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین نے بھی تھپڑ مارنے کا نوٹس لیتے ہوئے نیئر حسین کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔