پاناما لیکس کے معاملے پر گیند اب وزیراعظم کے کورٹ میں ہے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  بدھ 4 مئ 2016
معاملہ وقت کی دھول میں نہیں دبایا جاسکتا وزیراعظم محاذ آرائی کے بجائے مسئلہ حل کریں، اپوزیشن لیڈر، فوٹو؛ فائل

معاملہ وقت کی دھول میں نہیں دبایا جاسکتا وزیراعظم محاذ آرائی کے بجائے مسئلہ حل کریں، اپوزیشن لیڈر، فوٹو؛ فائل

اسلام آباد: اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے اپنے ٹی او آرز مسترد کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے جب کہ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارے ٹی او آرز میں ایسا کچھ نہیں جو حکومت یکطرفہ رد کردے تاہم اب اس معاملے پر گیند وزیراعظم کے کورٹ میں ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم سیاسی محاذ آرائی کے بجائے مسئلہ حل کریں اور پارلیمنٹ میں آکر اپنی پوزیشن واضح کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹی او آرز میں ایسا کچھ نہیں جو حکومت یکطرفہ رد کردے تاہم اب اس معاملے پر گیند وزیراعظم کی کورٹ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما کو منطقی انجام تک پہنچنا سب کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم جذباتی تقریروں کی بجائے حقائق کی طرف آئیں کیونکہ معاملہ وقت میں دھول میں نہیں دبایا جاسکتا۔

ادھر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم خود کہتے ہیں میرا احتساب کرو لیکن ہم جب احتساب کے دائرہ کار بتائیں تو کہتے ہیں کہ وزیراعظم کو پھنسانا چاہتے ہیں جب کہ اپوزیشن کی جانب سے معقول ٹی او آرز دیئے گئے ہیں جس کے مطابق لیکس میں جس کا نام آیا اس کے والدین، بچے، بیوی سب سے تحقیق ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے ٹی او آرز مسترد کیے ہیں، مجھے کوئی راستہ نظر نہیں آتا جب کہ ہمارا مؤقف ہے کہ حکومتی ٹی او آر پر وزیراعظم کا احتساب نہیں ہوسکتا اس لیے پانامالیکس کےلیے ہم اسپیشل ایکٹ چاہتے ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت کا مسئلہ وزیراعظم اور ان کے بچوں کی جائیداد کو بچانا ہے لیکن وہ اپنوں کو بچا کر دوسروں پر قانون لاگو کرنا چاہتی ہے جب کہ 1956  سے آج تک ہزارہا کمیشن بنے ہیں ایک کا بھی نتیجہ نہیں نکلا۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ٹی او آر تاریخی احتساب کا ڈھانچہ ہیں جب کہ نواز شریف کی جگہ ہوتی توخودتمام سوالوں کاجواب دیتی۔

دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق نے اپنے رد عمل میں کہا کہ حکومت نہیں چاہے گی کہ نوازشریف کے مالی معاملات سامنے آئیں جب کہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت خلفشارکا شکار ہے اس لیے حواس باختہ ہوکربات کررہی ہے، جلسے جلوس کا گیم توحکومت کھیل رہی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے اپوزیشن کے ٹی او آرز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن صرف وزیراعظم کا احتساب چاہتی ہے جب کہ وہ خود کو خاندان سمیت سپریم کورٹ کے سامنے پیش کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔