ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان پکڑنے کے لیے حکمت عملی بنالی

اے پی پی  جمعرات 5 مئ 2016
ایف بی آر نے نان فائلرز کیلیے کاروبار کی لاگت بڑھا دی ہے جبکہ قومی شناختی کارڈ نمبر کو این ٹی این میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

ایف بی آر نے نان فائلرز کیلیے کاروبار کی لاگت بڑھا دی ہے جبکہ قومی شناختی کارڈ نمبر کو این ٹی این میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ایف بی آرکی ممبر فیٹ شائستہ عباس نے کہا ہے کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کیلیے  کوششوں کے نتائج ملنا شروع ہو گئے ہیں، گزشتہ 3سہ ماہیوں کے دوران محصولات میں 19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس دوران 2103 ارب روپے کے محصولات جمع ہوئے۔

وہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کوئٹہ کے 21 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکا سے بات چیت کر رہی تھیں جنہوں نے بدھ کو ایف بی آر ہاؤس کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے لیے حالیہ کچھ عرصے میں متعدد اقدامات کیے ہیں جن کے نتیجے میں پہلی مرتبہ گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایف بی آر نے نان فائلرز کیلیے کاروبار کی لاگت بڑھا دی ہے جبکہ قومی شناختی کارڈ نمبر کو این ٹی این میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کورس کے شرکا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ممبر فیٹ نے بتایا کہ ایف بی آر نے ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلیے حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت ریئل اسٹیٹ، گاڑیوں کی خریداری، غیرملکی دوروں اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق معلومات کے ذریعے ان تک رسائی حاصل کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔