ڈائریکٹراکیڈمیز؛ ’’فیورٹ امیدوار‘‘ نے رسمی کارروائی پوری کردی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 5 مئ 2016
آئی سی سی کو2 ماہ کا نوٹس دینا پڑے گا، گریجویشن کی شرط میں رعایت مل گئی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی کو2 ماہ کا نوٹس دینا پڑے گا، گریجویشن کی شرط میں رعایت مل گئی۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ڈائریکٹر پی سی بی اکیڈمیز کے ’’فیورٹ امیدوار‘‘ مدثر نذر نے رسمی کارروائی پوری کرتے ہوئے اہم عہدے کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر ناقص کارکردگی کی اصل وجہ ڈومیسٹک سسٹم  میں خرابی کو سمجھتا ہے، مستقبل میں نچلی سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کی کھیپ تیار کرنے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو بااختیار ادارہ بنانے کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے، اس پروجیکٹ کی اہم آسامی کو پُر کرنے کے لیے ڈائریکٹر اکیڈمیز کا عہدہ بھی مشتہر کیا گیا، ذرائع کے مطابق فیورٹ امیدوار سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثرنذر میدان میں آ گئے ہیں۔

انھوں نے باقاعدہ درخواست بھی جمع کرا دی، واضح رہے کہ  پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان  اور مدثر نذر کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوچکی جس میں ابتدائی معاملات بھی طے پا گئے تھے، درخواست جمع ہونے کے بعداب مدثر نذر کی ماہانہ تنخواہ، مراعات سمیت دیگر اہم امور کو حتمی شکل دے جائے گی، مدثر ان دنوں دبئی میں آئی سی سی اکیڈمی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

بورڈ کے ساتھ معاملات طے پانے کی صورت میں ملازمت چھوڑنے سے قبل انھیں 2 ماہ کا نوٹس دینا پڑے گا، سابق ٹیسٹ کرکٹر کی فوری خدمات حاصل کرنے کی صورت میں پی سی بی کو اپنے طور پر کرکٹ کی عالمی باڈی سے درخواست کرنا پڑے گی، یاد رہے کہ انضمام الحق کو بھی ریلیز کرانے کے لیے بورڈ یہ پریکٹس کر چکا، مزید معلوم ہوا ہے کہ بورڈ نے کوچنگ میں وسیع تجربہ دیکھتے ہوئے مدثر نذر کو گریجویشن کی شرط میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ76ٹیسٹ اور 122ون ڈے میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے 60 سالہ مدثر نذر ماضی میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ اور قومی ٹیم کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں، بورڈ کو ان سے مستقبل میں خاصی توقعات وابستہ ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔