پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم قبول نہیں، فرنچائزز ڈٹ گئیں

سلیم خالق  جمعرات 5 مئ 2016
پشاور زلمی کے سوا سب نے تجویزکی مخالفت کردی، پلیئرز کے معاوضوں میں اضافہ۔ فوٹو: فائل

پشاور زلمی کے سوا سب نے تجویزکی مخالفت کردی، پلیئرز کے معاوضوں میں اضافہ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم قبول نہیں، فرنچائزز اپنے موقف پر ڈٹ گئیں، پشاور زلمی کے سوا سب نے تجویز کی مخالفت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لاہور میں پی ایس ایل ورکشاپ کے پہلے دن اگلے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم کی شمولیت کا معاملہ چھایا رہا، پشاور زلمی کے سوا کوئی بھی اس کے حق میں نہیں ہے، گذشتہ روز چاروں مخالف فرنچائزز کے آفیشلز نے فیصلے پر احتجاج کیا، ڈیڈ لاک برقرار اور معاملے پر جمعرات کو مزید تبادلہ خیال ہو گا۔دریں اثنا پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافہ کر دیا گیا، پلاٹینم کیٹیگری کے پلیئر کو10ہزار کے اضافے سے اب ایک لاکھ50 ہزار ڈالر ملیں گے،ڈائمنڈ میں موجود کھلاڑی 5ہزارزیادہ 75 ہزار ڈالر وصول کرے گا، اسی طرح گولڈ اور سلور میں بھی رقم بڑھائی گئی ہے۔اگلے سیزن کیلیے28اگست سے ٹرانسفر ونڈو کھلے گی، فرنچائزز جنھیں ریلیز کریں گی ان کے ساتھ نئے پلیئرز ڈرافٹ میں شامل ہوں گے، ایک دوسرے سے ازخود بھی کھلاڑی خریدے جا سکیں گے۔

ڈرافٹ میں پلیئرز چننے کے نمبر پر بھی گذشتہ روز بعض فرنچائزز نے احتجاج کیا، منتظمین کے اختیار کردہ طریقہ کار کے مطابق گذشتہ ایڈیشن میں آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم لاہور قلندرز کو اس بار سب سے پہلے پلیئرز چننے کا حق حاصل ہوگا، اس کے بعد کراچی کنگز اور پھر پشاور زلمی کا نمبر آئے گا، فاتح اسلام آباد یونائٹیڈ اور رنرز اپ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آخر میں موقع ملے گا، اس حوالے سے ٹیموں نے احتجاج کیا کہ ایسے تو تمام اچھے پلیئرز لاہور کو مل جائیں گے، اس معاملے پر بھی جمعرات کو مزید بحث ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔