آفتاب احمد کے ماورائے عدالت قتل پر آرمی چیف سے انصاف کی امید ہے، فاروق ستار

ویب ڈیسک  جمعرات 5 مئ 2016
آپریشن کے نام پر انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، خالد مقبول صدیقی :فوٹو:فائل

آپریشن کے نام پر انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، خالد مقبول صدیقی :فوٹو:فائل

 کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستا رکا کہنا ہے کہ آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہوچکا جب کہ ماورائے عدالت قتل پر آرمی چیف نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا اب امید ہے وہ ضرورانصاف دلائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آفتاب احمد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان پر تشدد ثابت ہوچکا، مانیٹرنگ کمیٹی قائم ہوجاتی تو آفتاب احمد جیسے سانحات نہ ہوتے جب کہ اس کیس میں اعترافی بیانات کا ازسرنوجائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ وہ سب جبراور ٹارچرسے تو نہیں لیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آفتاب احمد کے ماورائے عدالت قتل پر آرمی چیف نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا جو اطمینان کا باعث ہیں اب امید ہے جنرل راحیل شریف ضرورانصاف دلائیں گے۔

فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ ہمارے 165 لاپتا کارکنان کو بازیاب کرایا جائے کیوں کہ لاپتا کارکنان کے اہلخانہ اپنے بچوں سے متعلق ہم سے پوچھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریمانڈ پر لیے گئے افراد کو عدالتوں میں بھی پیش کیا جاتا رہے جب کہ 90 روز کے ریمانڈ پر کارکنوں کا میڈیکل چیک اپ ہونا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔