لیہ واقعہ؛ دکان مالک کے چھوٹے بھائی کا مٹھائی میں زہر ملانے کا اعتراف

ویب ڈیسک  جمعـء 6 مئ 2016
بڑے بھائی کے تشدد سے تنگ آکر غصے کی حالت میں مٹھائی میں زہر ملایا، ملزم کا اعترافی بیان، اسکرین گریپ / ایکسپریس نیوز

بڑے بھائی کے تشدد سے تنگ آکر غصے کی حالت میں مٹھائی میں زہر ملایا، ملزم کا اعترافی بیان، اسکرین گریپ / ایکسپریس نیوز

لیہ: پولیس نے زہریلی مٹھائی سے اموات کا معمہ حل کرلیا جس کے تحت دکان مالک کے چھوٹے بھائی نے مٹھائی میں زہر ملانے کا اعتراف کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس 16 روز بعد لیہ میں زہریلی مٹھائی سے اموات کا معمہ حل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے اور ملزم نے بیان ریکارڈ کرانے کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق دکان مالک طارق کے چھوٹے بھائی خالد نے مٹھائی میں زہر ملانے کا اعتراف کیا جس میں ملزم نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا بڑا بھائی اسے آئے روز شدید تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور گھر سے نکال دیتا تھا جس پر تنگ آکر غصے کی حالت میں مٹھائی میں زہر ملایا جب کہ زہر کی بوتل ملک غفار نے دکان میں رکھی۔

واضح رہے کہ لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 30 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جب کہ متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی تھی جس پر پولیس نے دکان مالک اور اس کے چھوٹے بھائی سمیت دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔