سفر کے دوران آرام دہ نیند کے لیے انوکھا تکیہ تیار

ویب ڈیسک  جمعـء 6 مئ 2016
’’وولپ‘‘ نامی اس تکیے کو منہ سے ہوا بھر کر پھُلایا جاسکتا ہے اوربآسانی اپنے سامان میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔ فوٹو؛ فائل

’’وولپ‘‘ نامی اس تکیے کو منہ سے ہوا بھر کر پھُلایا جاسکتا ہے اوربآسانی اپنے سامان میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔ فوٹو؛ فائل

سفر کے دوران زیادہ تر لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ نیند پوری کر لی جائے اور پُرسکون نیند کے لیے ضروری ہوتا ہے آرام دہ تکیہ، اس لیے ایسا انوکھا تکیہ تیار کیا گیا ہے جس سے بآسانی آپ اپنی نیند پوری کرسکتے ہیں۔

سفر میں آرام دہ نیند کے لیے کئی طرح کی چیزیں ایجاد کی جا چکی ہیں مثلاً آنکھوں میں پڑنے والی تیز روشنی سے بچانے کے لیے کالے رنگ کے کپڑے کی چشمہ نما پٹی، شور سے بچنے کے لیے کانوں میں رکھنے کے لیے ایئرپیس  اور گردن کو تھکاوٹ سے بچانے کے لیے مخصوص تکیہ وغیرہ۔ اس فہرست میں آپ ’’وولپ‘‘ سفری تکیے کا اضافہ کر سکتے ہیں کیونکہ اس تکیے کے ذریعے پُرسکون نیند لینا انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔

وولپ (Woollip) تکیہ ایک دلچسپ تکیہ ہے جسے باآسانی ساتھ رکھا جا سکتا ہے، دراصل اس میں منہ سے ہوا بھری جاتی ہے اور جہاں بھی اس کی ضرورت پڑے اسے پُھلا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس تکیے کو استعمال کے بعد اس کی ہوا نکال کر باآسانی اپنے سامان میں رکھا جا سکتا ہے جب کہ اسے خاص طور پر ایسا بنایا گیا ہے کہ ہوا بھرتے ہوئے زیادہ مشقت نہ ہو بلکہ اسے صرف 15 سیکنڈز میں چند پھونکوں سے بھرا جا سکتا ہے۔

یہ تکیہ خصوصی طور پر جہاز میں سفر کرنے والوں کے لیے بنایا گیا ہے کیونکہ جہاز کی سیٹ کے آگے ٹرے موجود ہوتا ہے جس پر یہ تکیہ باآسانی رکھ کر آرام کیا جا سکتا ہے۔ لیکن اسے صرف جہاز تک محدود نہیں کیا جا سکتا بلکہ بس اور ٹرین میں بھی اسے گود میں رکھ کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔