بلوچستان میں ڈرون حملے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طورپرمنظور

ویب ڈیسک  پير 23 مئ 2016
مذمتی قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک نے جمع کروائی ہے فوٹو: فائل

مذمتی قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک نے جمع کروائی ہے فوٹو: فائل

 لاہور: بلوچستان میں ڈرون حملے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی جو پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی فائزہ ملک نے جمع کرائی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک کی جانب سے دو روز قبل بلوچستان کے علاقے دالبندین میں ہونے والے ڈرون حملے کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرائی گئی جس پر رائے شماری کرتے ہوئے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

قرارداد کے متن  کے مطابق ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت ، آزادی اور خودمختاری کے خلاف ہیں لہٰذا وفاقی حکومت امریکی حکومت سے ڈرون حملوں کو جاری رکھنے کی مذمت کرے جب کہ پاکستانی حکومت امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کرے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل دالبندین میں ایک گاڑی پر ڈرون حملہ ہوا تھا جس میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے، امریکا اور افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ مارے گئے افراد میں سے ایک افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور بھی تھے جب کہ طالبان نے اس کی تردید کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔