لندن میں فضل الرحمان کی آصف زرداری سے ملاقات، وزیر اعظم کی حمایت کیلیے قائل کرنے کی کوششیں

ویب ڈیسک  منگل 24 مئ 2016
مولانا فضل الرحمان ، آصف زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف لندن میں ہی موجود ہیں۔. فوٹو : فائل

مولانا فضل الرحمان ، آصف زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف لندن میں ہی موجود ہیں۔. فوٹو : فائل

لندن: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے ملاقات کرکے انہیں وزیر اعظم کی حمایت کے لیے قائل کرنے کی کوششیں کی ہیں تاہم سابق صدر نے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے لندن کے علاقے پارک لین میں ان کے فلیٹ میں ملاقات کی۔ 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں ملک کو درپیش حالات اور پاناما لیکس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاناما معاملے سمیت ہرقسم کی کرپشن کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے لیکن مخصوص افراد کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے، انہوں نے آصف زرداری کو وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات اور ان کی حمایت کرنے کے لئے قائل کرتے ہوئے کہا کہ وہ نواز شریف کا ساتھ دیں اور انہیں ان کی آئینی مدد پوری کرنے دیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، اس کے علاوہ ان لوگوں کا ساتھ بھی نہیں دے گی جو شارٹ کٹ کےذریعے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن نواز شریف کی حکومت پیپلزپارٹی کے ساتھ جو سلوک روا رکھے ہوئے ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر تحفظات سننے کے بعد مولانا فضل الرحمان اب وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے اور جس کے بعد وہ آصف زرداری سے ایک مرتبہ پھر ملیں گے اور انہیں وزیر اعظم کے جواب سے آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ اس وقت مولانا فضل الرحمان ، آصف زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف لندن میں ہی موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔