چوہدری نثار جواب دیں کہ ملا اختر منصورکو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کیسے جاری ہوا، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  منگل 24 مئ 2016
پانامالیکس کرپشن کا معاملہ اور پارلیمنٹ کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، قائد حزب اختلاف، فوٹو؛ فائل

پانامالیکس کرپشن کا معاملہ اور پارلیمنٹ کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، قائد حزب اختلاف، فوٹو؛ فائل

اسلام آباد: پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو جواب دینا ہوگا کہ ملا اخترمنصور کو ولی محمد کے نام سے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کیسے اور کب جاری ہوا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے دوران خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حدود میں ڈرون حملہ ملکی سلامتی کے خلاف ہے، ملا اخترمنصور کو ولی محمد کے نام سے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کیسے اور کب جاری ہوا ان دونوں سوالات پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار جوابدہ ہیں وہ اس معاملے پر وضاحت دیں ۔ وزیر اعظم نوازشریف کو بھی چاہئے کہ وہ وزارت خارجہ کا قلمدان چھوڑ کر مستقل وزیرخارجہ تعینات کریں۔

خورشید شاه کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان آصف زرداری کے پرانے اور دیرینہ دوست ہیں اور لندن میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاناما لیکس کے معاملے پر ضرور بات چیت ہوگی لیکن وزیراعظم نوازشریف اور آصف زرداری کی ملاقات کے حوالے سے پارٹی میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ ہم آصف ذرداری سے یہ امید کرتے ہیں کہ وہ پارٹی اور پارٹی کے چئیرمین کے مؤقف سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس اور کرپشن کا معاملہ پارلیمنٹ کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ تحقیقات کے لیے ایسے ٹی او آرز بننے چاہئے جو کرپشن کے خلاف مشعل راہ ہوں۔ اگر اپوزیشن اورحکومت نے پاناما لیکس پر کسی قسم کی ساز باز کی تو یہ ملک کی سب سے بڑی بدقسمتی ہوگی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔