پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش سے موسم خوشگوار، سندھ بلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار 

ویب ڈیسک  منگل 24 مئ 2016
نواب شاہ میں پارہ 48 ڈگری سنیٹی گریڈ تک پہنچ گیا ،شدید گرمی اور لو کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہوگئے : فوٹو : فائل

نواب شاہ میں پارہ 48 ڈگری سنیٹی گریڈ تک پہنچ گیا ،شدید گرمی اور لو کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہوگئے : فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے تاہم جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار ہے.

ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں اور ژالہ باری کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے لیکن صوبہ سندھ بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے ذیادہ درجہ حرات سندھ کے شہر نواب شاہ میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ شدید گرمی اور لو کے باعث متعدد افراد کے بے ہوش ہوجانے کی اطلاعات بھی ہیں۔

سکھر،لاڑکانہ اور موہنجو داڑو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد میں تیز ہواؤں نے گرمی کی شدت میں قدرے کمی میں اہم کردار ادا کیا لیکن درجہ حرارت پھر بھی 41 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ رحیم یار خان میں بھی درجہ حرارت 41 ڈگری ہی ریکارڈ کیاگیا۔

بہاولپور، پنجگور اورمٹھی میں 39 ، بدین، میر پور خاص اور کوٹ ادو میں 38،ملتان 37 ، ڈیرہ غازی خان، اوکاڑہ اور گوادر میں 36 ، پشاور35 ، کراچی اور ٹھٹھہ میں 34 جب کہ کوئٹہ  میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں جہاں بارش نے موسم کو خوشگوار بنایا وہیں بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے۔ لاہور میں 31، راولپنڈی اور اسلام آباد کا درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جہاں ہری پور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری نے گرمی کو الواع کہہ کر موسم کو خوشگوار بنادیا ہے۔ وہیں آندھی اور طوفان سے کئی گھروں  کے چراغ بھی گل ہوگئے ۔ فیصل آباد اور جھنگ میں چھتیں گرنے سے بچی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 28 افراد زخمی ہوگئے۔ لاہور میں تیز بارش اور ہواؤں کے جھکڑوں کے باعث گودام کی دیوار اورنج لائن منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کے خیموں پر جاگری جس کے نتیجے میں 8 محنت کش جاں بحق ہوگئے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔