پاکستانی بورڈ سے نااُمید ؛عاقب پھر دیار غیرمیں کام ڈھونڈنے لگے

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 25 مئ 2016
 سابق پاکستانی فاسٹ بولر عاقب جاوید کو پی سی بی نے ہیڈ کوچ بنانے کی آس دلائی تھی  فوٹو: فائل

سابق پاکستانی فاسٹ بولر عاقب جاوید کو پی سی بی نے ہیڈ کوچ بنانے کی آس دلائی تھی فوٹو: فائل

ڈھاکا: پاکستانی بورڈ سے ناامید عاقب جاوید پھر دیار غیرمیں کام ڈھونڈنے لگے، بنگلہ دیشی بولنگ کوچ کے امیدواروں میں ان کا نام بھی سامنے آگیا، ہیتھ اسٹریک نے موجودہ ذمہ داری چھوڑی توسابق پاکستانی بولر کودیگر اہم ناموں کے ساتھ مقابلہ کرنا ہوگا، بی سی بی کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے سربراہ اکرم خان نے کہا کہ ہمارے پاس اس پوسٹ کیلیے کئی آپشنز موجود ہیں۔

سابق پاکستانی فاسٹ بولر عاقب جاوید کو پی سی بی نے ہیڈ کوچ بنانے کی آس دلائی مگر انھوں نے کوچ ہنٹ کمیٹی کا رجحان غیرملکی آفیشل کی جانب دیکھتے ہوئے درخواست ہی نہیں دی تھی، اس دوران انھوں نے متحدہ عرب امارات کی کوچنگ بھی چھوڑ دی، پاکستان بورڈ کی جانب سے لفٹ نہ کرانے والے عاقب نے اب ایک بار پھر دیار غیر میںجاب حاصل کرنے کی کوشش شروع کردی۔

اس سلسلے میں ان کا نام بنگلہ دیشی بولنگ کوچ امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے، موجودہ آفیشل ہیتھ اسٹریک نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کوچ کیلیے درخواست دی ہوئی ہے، ان کا موجودہ کنٹریکٹ مئی کے آخر میں ختم ہوجائیگا۔اگر وہ ذمہ داری جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں تو بورڈ فوری طور پر کنٹریکٹ کی تجدید کو تیار ہوجائیگا تاہم جانے کی صورت میں نیا کوچ تلاش کرنا پڑیگا۔

بی سی بی کرکٹ آپریشن کمیٹی کے چیئرمین محمد اکرم نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ کوچنگ اسٹاف ہی اپنا کام جاری رکھے، اسی وجہ سے اسٹریک کو برقرار رکھنے کی خواہش ہے لیکن اگر وہ جانا چاہیں تو ہم انھیں روکیں گے نہیں بلکہ بہتر متبادل تلاش کرینگے، فی الحال ہمارے سامنے عاقب جاوید، چمپاکا رامانائیکے، چمندا واس، وینکٹیش پرساد کی صورت میں آپشنز موجود ہیں، اگر ہم ان میں کسی کی خدمات حاصل کرتے ہیں تو یہ اچھی بات ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔