زخموں سے بہتے خون کو فوری طور پر روکنے کی تکنیک دریافت

ویب ڈیسک  بدھ 25 مئ 2016
امریکی ماہرین نے زخموں سے بہتے خون کو روکنے کے لیے جدید ترین تکنیک ایکس سٹیٹ سرنج تیار کی ہے۔ 
فوٹو ریومیڈیکس

امریکی ماہرین نے زخموں سے بہتے خون کو روکنے کے لیے جدید ترین تکنیک ایکس سٹیٹ سرنج تیار کی ہے۔ فوٹو ریومیڈیکس

امریکا: تحقیق کے مطابق مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے افراد اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں اس لیے اگر فوری طور پر ان کے جسم سے بہتے خون کو روک دیا جائے تو ان کی زندگی بچائی جا سکتی ہے۔

امریکی ماہرین نے زخموں سے بہتے خون کو روکنے کے لیے جدید ترین تکنیک ایکس سٹیٹ سرنج تیار کی ہے۔ ایکس سٹیٹ اسپنج سے بھری سرنج ہے جو گہرے زخموں سے بہتے خون کو چند سیکنڈز میں روک سکتی ہے۔ یہ سرنج زخم میں فوری طور پر اپنے اندر بھرے اسپنج کو منتقل کرتی ہے جو 20 سیکنڈ کے اندر اندر پھول کر زخم کو مکمل طور پر بند کر دیتے ہیں جس سے خون بہنا بند ہو جاتا ہے۔

یہ اسپنج خون سے ملتے ہی پھول کر اپنے اصل حجم سے 20 فیصد بڑے ہوسکتے ہیں تاکہ خون زخم سے باہر نہ نکل سکے۔ گاڑیوں کے پنکچر ٹائروں کو ٹھیک کرنے کے لیے جو طریقہ استعمال ہوتا ہے اس سے متاثر ہو کر اس سرنج کو بنایا گیا ہے۔ تاہم یہ سرنج صرف خون کو فوری طور پر روکنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے یہ زخموں کو ٹھیک نہیں کر سکتی۔ اس کے علاوہ اس میں موجود اسپنجز پر خاص نشان بھی موجود ہوتا ہے جس کی ایکسرے نشاندہی کر سکتے ہیں تاکہ بعد میں انہیں باآسانی جسم سے نکالا جا سکے۔

ایکس سٹیٹ سرنج کو امریکی آرمی نے اپنے سپاہیوں کے لیے تیار کیا تھا تاکہ دوران جنگ گولی لگنے سے زخموں سے بہتے خون کو فوری طور پر روک کر جان بچائی جا سکے لیکن اب اس سرنج کا عوامی ورژن تیار ہو چکا ہے جسے ایکس سٹیٹ تھرٹی کا نام دیا ہے۔ ایف ڈی اے نے بھی اس کے کارآمد ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔