باہمی اتحاد سے دہشت گردی کے خطرے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، آرمی چیف

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مئ 2016

 لاہور: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کہتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران ملنے والی کامیابیاں قوم کی مکمل حمایت کی وجہ سے ہیں اور باہمی اتحاد سے دہشت گردی کے خطرے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور میں نیول وار کالج کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے نیول وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ہمیشہ قوم کی توقعات پرپورا اتری ہے اور اس کی تاریخ بہادری اور قربانیوں سے بھری ہوئی ہے، پاکستان کی تجربہ کار مسلح افواج ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہروقت تیار اور اس سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں قوم کی حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران ملنے والی کامیابیاں قوم کی مکمل حمایت کی وجہ سے ہیں۔ انشاءاللہ ہم مل کر دہشت گردی سمیت پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز کا خاتمہ کریں گے اور باہمی اتحاد سے دہشت گردی کے خطرے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔