مائیکروسافٹ نے کمزور پاس ورڈز کا حل دریافت کرلیا

ویب ڈیسک  اتوار 29 مئ 2016
مائیکروسافٹ سروسز میں ایسا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جو انٹرنیٹ پر لیک شدہ پاس ورڈز کے بارے میں باخبر رہے گا۔ فوٹو؛ فائل

مائیکروسافٹ سروسز میں ایسا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جو انٹرنیٹ پر لیک شدہ پاس ورڈز کے بارے میں باخبر رہے گا۔ فوٹو؛ فائل

مائیکروسافٹ سروسز میں کمزور پاس ورڈ بنانا ممکن نہیں ہو گا اب صرف منفرد اور مضبوط پاس ورڈ ہی قبول کیا جائے گا۔

آئے دن لاکھوں آن لائن اکاؤنٹس ہیک ہو جاتے ہیں۔ اکثر اس کی وجہ صارفین کے کمزور پاس ورڈ ہوتے ہیں۔ لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ ویب سروسز آسان پاس ورڈ بنانے کی اجازت ہی کیوں دیتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق سال 2015 میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاس ورڈ 123456 تھا۔ اگر ویب سروسز یہ پاس ورڈ رکھنے کی اجازت ہی نہ دیں تو لاکھوں اکاؤنٹس ہیک ہونے سے بچ سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب مائیکروسافٹ نے اس حوالے سے سنجیدہ قدم اُٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

زیادہ تر صارفین آسان پاس ورڈ منتخب کرتے ہیں تاکہ اسے یاد رکھ سکیں یہی نہیں بلکہ وہ اپنے کئی اکاؤنٹس کا پاس ورڈ بھی ایک جیسا رکھتے ہیں۔ سبھی پاس ورڈ کی اہمیت جانتے ہوئے بھی اس معاملے میں احتیاط نہیں برتتے۔ ہر سال لیک ہونے والے پاس ورڈز کا مکمل ڈیٹا جاری ہوتا ہے جس سے ہیکرز کو دوسروں کے پاس ورڈز کا اندازہ لگانے میں مزید مدد ملتی ہے جب کہ صارفین اس حوالے سے خبردار ہونے کی بجائے بدستور وہی پاس ورڈز استعمال کرتے رہتے ہیں۔ اس لیے مائیکروسافٹ سروسز میں اب مزید کمزور پاس ورڈ منتخب کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

مائیکروسافٹ سروسز میں ایسا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جو انٹرنیٹ پر لیک شدہ پاس ورڈز کے بارے میں باخبر رہے گا۔ اگر صارفین کوئی ایسا پاس ورڈ منتخب کرنے کی کوشش کریں گے جو پہلے ہی انٹرنیٹ پر موجود ہو گا تو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مشکل پاس ورڈ منتخب کرنے کے لیے یہ فیچر صارفین کو تنگ نہیں کرے گا بلکہ صرف پاس ورڈ کا موازنہ پہلے سے موجود اپنے ڈیٹا بیس سے کر کے یہ فیصلہ کرے گا کہ پاس ورڈ منفرد ہے یا نہیں۔ اس طرح صارفین کو ہر حال میں مشکل پاس ورڈ بنانا ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔