خیبر پختونخوا اسمبلی میں رمضان اور عید ایک ہی دن منانے کی قرارداد منظور

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مئ 2016

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی نے ملک بھر میں رمضان اورعید ایک ہی دن منانے کی قرارداد منظور کرلی ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں رمضان المبارک اور عید سے متعلق بھی قراردادیں پیش کی گئیں۔ جے یو آئی (ف) کے رکن منور خان نے ملک بھر میں رمضان اورعید ایک ہی منانے کی قرارداد پیش کی جو اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی جب کہ قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کی تمام کمیٹیوں کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلوں کا پابند بنایا جائے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما فخر عالم نے صوبے بھر میں رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی قرار داد پیش کی جو اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور نے ملک بھر میں ایک دن عید اور رمضان کی شروعات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔