انصاف دینے کی بات ہو تو قانون حرکت میں نہیں آتا مگر ہمیں فِٹ کرنا ہو تو فوری حرکت میں آجاتا ہے، فاروق ستار

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مئ 2016
کچھ قوتیں  مسلسل حقیقی کے دہشت گردوں کی سرپرستی کرکے مسلسل ہمارے صبر کا امتحان لے رہی ہیں،ڈاکٹرفاروق ستار فوٹو:پی پی آئی

کچھ قوتیں مسلسل حقیقی کے دہشت گردوں کی سرپرستی کرکے مسلسل ہمارے صبر کا امتحان لے رہی ہیں،ڈاکٹرفاروق ستار فوٹو:پی پی آئی

کراچی: ڈاکٹر فاورق ستار کا کہنا ہے کہ کچھ قوتیں  مسلسل حقیقی کے دہشت گردوں کی سرپرستی کرکے مسلسل ہمارے صبر کا امتحان لے رہی ہیں اور جب ہمیں  انصاف دینے کی بات ہو تو  قانون فوری حرکت میں  نہیں  آتا اور کوئی ایسی چیز ہو جس میں  ہمیں  فٹ کرنا ہے قانون فورا حرکت میں  آجاتا ہے۔

خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں  رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فارو ق ستار نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں  مسلسل حقیقی دہشت گردوں کی سرپرستی کرکے ہمارے صبر کا امتحان لے رہی ہیں جب کہ تواتر کے ساتھ کراچی کے کچھ علاقوں میں شرانگیزی ، اشتعال انگیزی اور فتنہ گیری کرکے ہمارے کارکنوں  اور حامیوں  کو گھات لگا کر قتل اور زخمی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بے گناہ کارکنوں  کو گرفتار کرکے چھاپے گرفتاریوں  کے معاملات میں  الجھایا جارہا ہے اور ہمیں  پانی بجلی ، نکاسی آب ، غربت کے خاتمے ، تعمیر و ترقی ، بے روزگاری کے خاتمے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل سے دور رکھاجارہا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ اشتعال انگیزی کرکے مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ہمارے کارکن بھی حقیقی دہشت گردوں  کے خلاف باقاعدہ محاذ بنا لیں  اور ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت ملیر ، شاہ فیصل کالونی ، لانڈھی کو میدان جنگ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی دہشت گرد رینجرز اور پولیس کے امن و امان کے دعوؤں  کو کھلے عام جھٹلا رہے ہیں ، ان کے پاس اسلحہ ہے وہ جب چاہیں اپنی مرضی سے جائے وقوعہ کا انتخاب کرتے ہیں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں  کے امن و امان کے دعوؤں  اور حکومت کی آئینی و جمہوری رٹ کو بھی چیلنج کرکے یہ ثابت کررہے ہیں  کہ وہ حکومت سے زیادہ طاقتور ہیں۔

ڈاکٹرفاروق ستار  نے وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی ، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز بلال اکبراور کور کمانڈ کراچی نورید مختار سے اپیل کی کہ وہ ان سازشوں  کے سلسلے کو بند کرائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔