ریو اولمپکس برازیل سے منتقل کرنے کی تجویز مسترد

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مئ 2016
ڈبلیو ایچ او نے سائنسدانوں کی اولمپکس کو کہیں اور منتقل کرنے کی تجویز مسترد کردیاہے، فوٹو : فائل

ڈبلیو ایچ او نے سائنسدانوں کی اولمپکس کو کہیں اور منتقل کرنے کی تجویز مسترد کردیاہے، فوٹو : فائل

ریو ڈی جنیرو: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ریو اولمپکس برازیل سے کہیں اور منتقل کرنے کی سائنسدانوں اور میڈیکل شعبے سے وابستہ شخصیات کی تجویز مسترد کردی۔ 

زیکا وائرس نے جہاں دنیا بھر کے ممالک کو پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے وہیں عالمی سطح پر اس وائرس کو صحت عامہ کے لئے خطرہ قراردیا جا چکا ہے جس کے پیش نظر تقریباً 150 سائنسدانوں، ڈاکٹروں اور میڈیکل شعبے سے وابستہ افراد نے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برازیل کے شہر ریو میں زیکا وائرس کے بارے میں نئی دریافت کے بعد اب ان کھیلوں کو جاری رکھنا غیراخلاقی ہوگا۔ ڈبلیو ایچ او کو لکھے گئے خط پر سائنسدانوں، ڈاکٹروں اور میڈیکل شعبے سے وابستہ افراد نے دستخط بھی کئے جب کہ ان میں سے بہت سے افراد کا تعلق آکسفورڈ، ہارورڈ اور ییل یونیورسٹی سے ہے۔

 

ڈبلیو ایچ او نے اولمپکس کو کہیں اور منتقل کرنے کی سائنسدانوں کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اولمپکس مقابلوں کا مقام تبدیل کرکے زیکا وائرس کے پھیلنے کی شرح کو روکا نہیں جا سکتا ہے، برازیل سمیت 60 ممالک میں زیکا وائرس پھیل چکا ہے اور وہاں بھی لوگ سفر کرتے ہیں، اولمپکس کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کے بجائے عوام کو اس بیماری سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔