حکومت گوادر میں 12 ترقیاتی منصوبے شروع کرے گی

اظہر جتوئی  اتوار 29 مئ 2016
ایکسپورٹ پروسیس زون گوادر کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے لیے 25 کروڑ روپے، دستاویزات فوٹو: فائل

ایکسپورٹ پروسیس زون گوادر کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے لیے 25 کروڑ روپے، دستاویزات فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران گوادر ایئرپورٹ سمیت  12ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کے لیے 9ارب 53کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکومتی دستاویزات کے مطابق گوادر کے ایسٹ بائی پاس کی تعمیر کے لیے 4 ارب 70کروڑ روپے، نیو گوادر ایئرپورٹ کے لیے 1ارب 50کروڑ روپے، بریک واٹر کی تعمیر کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے 30کروڑ روپے، سی پیک کے ایڈیشنل ٹرمینل کے لیے 30کروڑ روپے، فریش واٹر ٹریٹمنٹ واٹر سپلائی اور تقسیم کے منصوبے پر ڈیرھ ارب روپے، 50 بستروں کے اسپتال کو 300 بستروں تک توسیع دینے کے منصوبے پر25کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے، مکران کوسٹل ہائی وے کی نیو گوادر ایئرپورٹ تک سڑک کی تعمیر کے لیے 10کروڑ روپے، ایکسپورٹ پروسیس زون گوادر کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے لیے 25 کروڑ روپے، 132کے وی سب اسٹیشن ڈاؤن ٹاؤن گوادر کے لیے 50لاکھ روپے اور 300 میگاواٹ کے کول فری پاور پلانٹ گوادر کے لیے 2کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ دستاویزات کے آئندہ مالی سال کے دوران نئے منصوبوں میں 7توانائی، 9پانی،11 موٹر وے ہائی ویز، 5 ریلوے، 6 مغربی سی پیک، 3 شمالی سی پیک اور 6بڑے ریلوے سی پیک منصوبے شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔