امریکا میں بچے کی جان بچانے کیلئے گوریلا کو گولی مار دی گئی

ویب ڈیسک  اتوار 29 مئ 2016

نیویارک: امریکا کے چڑیا گھر میں کمسن بچہ گوریلا کے جنگلے میں جاگرا جس کے بعد انتظامیہ نے بچے کو بچانے کی کوشش کی اور جب بات نہ بنی تو گوریلا کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

امریکی شہر سنسناٹی کے چڑیا گھر میں 4 سالہ بچہ  اچانک گوریلا کے جنگلے میں جاگرا جس کے بعد شور مچ گیا جب کہ گوریلا بچے کو اٹھا کر 10 فٹ گہرے احاطے میں لے گیا۔ چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے بچے کو بچانے کے لئے کوششیں کی گئیں لیکن جب کوئی بات نہ بنی تو اسے گولی مار دی گئی۔

چڑیا گھر حکام کا کہنا ہے کہ 180 کلوگرام وزنی گوریلے کو اس وقت گولی ماری گئی جب حالات قابو سے باہر ہوگئے تھے اور بچے کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا تاہم بچے کو شدید زخمی ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سنسناٹی کے چڑیا گھر میں گوریلے والے حصے کو نمائش کے لیے بند کردیا گیا۔

چڑیا گھر میں شیر یا گوریلے کے پنجرے میں گرنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں گزشتہ ہفتے چلی کےچڑیا گھر میں بھی 2 شیروں کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب ایک شخص ان کے جنگلے میں بظاہر خودکشی کی نیت سے داخل ہوا جب کہ گزشتہ سال بھارت میں ایک شخص چیتے کے پنجرے میں گر گیا تھا جسے چیتے نے ہلاک کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔