کالعدم سندھو دیش لبریشن آرمی نے چینی باشندے کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرلی

ویب ڈیسک  پير 30 مئ 2016

 کراچی: کالعدم سندھو دیش لبریشن آرمی نے گلشن حدید میں چینی باشندے کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں لنک روڈ کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چینی باشندے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا ہے کہ کالعدم سندھو دیش لبریشن آرمی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی جب کہ جائے وقوعہ کے قریب سے پمفلٹ ملے ہیں جس میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کی گئی۔

لنک روڈ پر دھماکے کے فوری بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرتے ہوئے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا جب کہ رینجرز نے جائے وقوعہ کے قریب خالی مکان کا محاصرہ کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چینی باشندہ خیریت سے ہے جسے معمولی چوٹیں آئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔