عراقی فورسز داعش سے فلوجہ کا قبضہ چھڑانے کیلئے شہر میں داخل

ویب ڈیسک  پير 30 مئ 2016
کاؤنٹرٹیررازم سروس، انبار پولیس اورعراقی فوج آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں جنہیں اتحادی افواج کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔ فوٹو:فائل

کاؤنٹرٹیررازم سروس، انبار پولیس اورعراقی فوج آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں جنہیں اتحادی افواج کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔ فوٹو:فائل

بغداد: عراقی فوج اور دیگر فورسز داعش سے فلوجہ شہر کا قبضہ چھڑانے کے لئے تین مختلف سمتوں سے شہر میں داخل ہوگئیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی بری اور فضائیہ کی جانب سے داعش کے زیرقبضہ شہر فلوجہ سے قبضہ چھڑانے کے لئے آپریشن نئے مرحلے میں داخل ہوگیا جس کے مطابق زمینی فوج بھاری ہتھیاروں سے شہر کی تین مختلف سمتوں سے داخل ہوگئی جسے شہر میں داخل ہوتے ہی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس سے قبل عراقی فورسز نے گزشتہ ہفتے فلوجہ کے گاؤں اور دیہاتی علاقوں پر قبضہ کرنے کے لئے آپریشن کیا تھا جس میں اسے کامیابی حاصل ہوئی جو کہ دارالحکومت بغداد سے صرف 50 کلو میٹر دوری پر ہیں۔

دوسری جانب فلوجہ آپریشن کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدالوہاب السعدی کا کہنا ہے کہ کاؤنٹرٹیررازم سروس، انبار پولیس اورعراقی فوج آپریشن میں حصہ لے رہی ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز کو آرمی ایوی ایشن، عراقی ایئرفورس اور اتحادی افواج کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔

فلوجہ میں آپریشن کے آغاز سے قبل چند ہزارخاندان شہر سے باہر آنے میں کامیاب ہوئے تھے اور داعش نے تقریباً 50 ہزار سے زائد افراد کو اب بھی یرغمال بنائے رکھا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جنگجو انہیں ڈھال کے طور پراستعمال کریں گے۔

واضح رہے کہ فلوجہ عراق کو دوسرا اہم شہر ہے جس پر داعش کا قبضہ ہے جب کہ داعش نے موصل شہر پر بھی قبضہ کیا ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔