رمضان المبارک سے قبل اشیا خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

ویب ڈیسک  پير 30 مئ 2016
ناجائز منافع خوروں نے پھلوں کی قیمتوں میں بھی 20 سے 30 روپے کلو اضافہ کردیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ناجائز منافع خوروں نے پھلوں کی قیمتوں میں بھی 20 سے 30 روپے کلو اضافہ کردیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: رمضان المبارک اور بجٹ سے قبل ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز سرگرم ہوگئے جس کے بعد اشیا خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رمضان المبارک اور آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل اشیا خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا اور سبزیوں کی قیمتوں میں 10 سے 25 فیصد تک اضافہ کردیا گیا، مارکیٹ میں پالک 40، ٹماٹر 50، آلو 30، پیاز 30 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے جب کہ ہری پیاز 120، مرچ 80 اور لہسن 200 روپے کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔

پرچون کی دکانوں پر بیسن 40 روپے اضافے کے ساتھ  180 روپے، چنا 20 روپے اضافے کے ساتھ 200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ آٹا 2 روپے اضافے کے ساتھ اب 44 روپے کلو اور 60 روپے کلو والی چینی 4 روپے اضافے کے بعد 64 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے جب کہ چاول، کھلا تیل، دالوں اور دوسری اشیا کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔

ناجائز منافع خوروں نے پھلوں کی قیمتوں میں بھی 20 سے 30 روپے کلو اضافہ کردیا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں تربوز، خربوزہ، سیب اور آم کی قیمتیں بھی مختلف ہیں تاہم گزشتہ 10 روز کے مقابلے میں موجودہ قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔