ایف بی آرکی خدمات پردہراٹیکس ختم کرنے کی یقین دہانی

بزنس رپورٹر  منگل 31 مئ 2016
ایس آراو1125کے آئٹمزکی نان رجسٹرڈفروخت پرتصدیقی شرط ختم کرنے کابھی یقین دلایا  فوٹو: فائل

ایس آراو1125کے آئٹمزکی نان رجسٹرڈفروخت پرتصدیقی شرط ختم کرنے کابھی یقین دلایا فوٹو: فائل

 کراچی:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے چیئرمین نثار احمد خان نے انڈینٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آئی اے او پی) کے دیرینہ مطالبے سے اتفاق کرتے ہوئے ایس آر او1125 میں درج آئٹمز کی نان رجسٹرڈ افراد کو فروخت پر تصدیق کی شرط ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

آئی اے او پی کے سابق چیئرمین ثاقب فیاض مگوں نے وفد کے ہمراہ چیئرمین ایف بی آر نثار احمد خان اور وزیر مملکت ریونیو ہارون اختر سے اسلام آباد میں اجلاس کے دوران سروسز سیکٹر اور کمرشل امپورٹرز کے مسائل کو اجاگر کیا اور دہرے ٹیکسز کی نشاندہی کرتے ہوئے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ خام مال کے کمرشل امپورٹرز پر 2 فیصد اضافی ٹیکس ختم یا سیلز ٹیکس کی مد میں کیری فارورڈ میں ایڈجسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے ایس آراو 1125 میں شامل آئٹمز اور ٹیکسٹائل مشینری، پرزوں کی درآمد بغیر کسی شرط کے زیرو ریٹ کرنے کی تجویز دی اور ایس آر او 1125 کواصل حالت میں بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ برآمدی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جاسکے اور ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہوسکے۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکسز سے متعلق مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے یقین کرائی کہ صوبائی سطح پر اگر سروسز سیکٹر پر ٹیکس نافذ ہے تو ایف بی آر وفاق کی سطح پر ٹیکس واپس لینے پر غور کرے گا، تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔